لاہور (جدوجہد رپورٹ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب میں 10، 11 اور 12 مارچ کو ”سریاب لٹریری فیسٹیول“ کا انعقاد کیا گیا۔ فیسٹیول کو براہوی فوک گلوکار مرحوم محمد بشیر کے نام سے منسوب کیا گیا تھا۔ محمد بشیر براہوی زبان کے جانے مانے گلوکار تھے اور کئی دہائیوں تک گلوکاری کے شعبے میں خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔
فیسٹیول کے سیشنز میں خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ اس دوران مختلف ریڈیکل موضوعات بشمول ’سماج میں نوجوانوں کا کردار‘، ’خواتین کی بنیادی ضروریات اور رکاوٹیں‘،’بلوچستان کی معیشت مسئلہ کہاں ہے؟‘، ’بلوچستان کے تناظر میں آئین اور انسانی حقوق‘،’فلسفہ اور سماج‘، ’بلوچستان کی کلونیل ہسٹری اور آرکیٹیولوجی‘پر سیشنز منعقد کئے گئے۔ ان موضوعات پر خاکے بھی پیش کئے گئے۔
اسکے علاوہ رات کو مشاعرے اور موسیقی کے پروگرام منعقد کئے جاتے رہے۔ فیسٹیول کی تمام سرگرمیوں میں تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
فیسٹیول کے دوران مختلف پبلشرز کی جانب سے ترقی پسند لٹریچر کی کتابوں کے سٹال بھی لگا رکھے تھے۔ طبقاتی جدوجہد پبلیکیشنز کے سٹال آرگنائزر کے مطابق مختلف سٹالوں سے مجموعی طور پر لاکھوں روپے کی کتابیں خریدی گئی ہیں۔ فیسٹیول میں شریک ہونے والے لوگوں نے کتابوں اور ترقی پسند لٹریچر میں بہت زیادہ دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔