لاہور (جدوجہد رپورٹ) بلوچستان کے ضلع شیرانی کا جنگل آگ کی لپیٹ میں ہے۔ یہ جنگل، جو ایک مشہور پہاڑ ’کوہ سلیمان‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، گزشتہ 10 دنوں سے آگ کی لپیٹ میں ہے۔ آگ کی وجہ سے حیوانات و نباتات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ چکا ہے، جبکہ مزید بڑے نقصانات کا خدشہ موجود ہے۔ آگ بجھنے یا کم ہونے کی بجائے مسلسل پھیل رہی ہے۔اس پھیلتی ہوئی آگ نے مقامی ذرائع کے مطابق 100 سے زائد گھروں کو گھیر لیا ہے۔ مکینوں کو بچانے کیلئے فوری طور ہنگامی اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ اس آگ میں 7 افراد جھلس کر ہلاک ہو چکے ہیں۔
ادھر ضلع موسیٰ خیل کے جنگل میں بھی آگ لگنے کی اطلاعات ہیں۔ آگ پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے موسیٰ خیل اور شیرانی کے لوگوں نے احتجاج بھی کیا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت آگ بجھانے کیلئے اقدامات کرنے کی بجائے خواب غفلت میں سو رہی ہے۔ بلوچستان ڈیزسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پر سالانہ کروڑ وں روپے کا بجٹ صرف کیا جاتا ہے لیکن جنگلات کو فوری بچانے کیلئے استعداد کار نہ ہونے کے برابر ہے۔
حکومت کی طرف سے ہیلی کاپٹر آپریشن کا اعلان کرنے کے بعد ہیلی کاپٹر بھی پہنچ گیا ہے لیکن پانی نہ ہونے کی وجہ سے یہ آپریشن بھی سست روہی کا شکار ہے۔
علاقہ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ فوری طو رپر آگ پر قابوپانے کیلئے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے مقامی آبادیوں کے علاوہ قیمتی جنگلات اور حیوانات کو محفوظ بنایا جائے۔