لاہور (جدوجہد رپورٹ) جنوبی ایتھوپیا میں تین سال سے بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے جانوروں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک دیہات کے 100 سے زائد مقامی باشندے غذائی قلت کی وجہ سے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچائے گئے ہیں۔
حکومتی اہلکار کے مطابق ایک گاؤں میں 70 سے زائد مویشی فاقہ کشی کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ ’الجزیرہ‘ کے مطابق پڑوسی افریقہ ملکوں صومالیہ اور کینیا کی طرح جنوبی ایتھوپیا بھی کئی دہائیوں سے ہارن آف افریقہ کی بدترین خشک سالی کا سامنا کر رہا ہے۔ مسلسل پانچ بارشوں کے موسم بغیر بارشوں کے گزر چکے ہیں۔ امدادی ایجنسیوں کی جانب سے انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے مزید مدد کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق تقریباً 12 ملین افراد ایتھوپیا کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ صومالیہ خشک سالی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ گزشتہ سال ایک اندازے کے مطابق صومالیہ میں 43 ہزار افراد خشک سالی کی وجہ سے ہلاک ہو گئے تھے۔