تھرپارکر (منیش دھارانی) سپریم کورٹ کے آرڈر کی آڑ لے کر پیپلز پارٹی کے مقامی وڈیرے کے کہنے پہ فاریسٹ ڈپارٹمنٹ نے تھرپارکر کے گاؤں ملھو بھیل میں بھیل قبیلے کے سو کے قریب گھر بلڈوز کر دئیے۔ فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈی ایف کے مطابق گیارہ ہزار ایکڑ زمین فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کی ہے۔ مورخہ 6 جولائی کو بڑی نفری کے ساتھ غریبوں کے سینکڑوں گھروں پہ کاروائی کی گئی۔جس کے خلاف مورخہ 7 جولائی کو آٹھ کلومیٹر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی ملھو بھیل گاؤں سے ہو کے اسلام کوٹ پہنچی جہاں ایک جلسے کی شکل اختیار کر گئی جس میں سینکڑوں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔
مظاہرین نے کول ایریا کی جانب جانے والے روڈ کو بلاک کر دیا جس سے ٹریفک متاثر ہوئی۔ لگاتار چار گھنٹے دھرنا جاری رہا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ گاؤں سالہا سال سے یہیں آباد ہے جس میں ہسپتال اور سکول وغیرہ بھی ہیں۔ اعلیٰ حکام واقعے کا جلد از جلد نوٹس لیں اور نقصان کا ازالہ کیا جائے۔ غریبوں کے سروں سے چھت چھیننے کا عمل بند کیا جائے۔ بصورت دیگر پورے صوبے میں احتجاج کیا جائے گا۔