خبریں/تبصرے

مظفر آباد: پیپلز نیشنل الائنس کشمیر کے جلوس پر پولیس تشدد، ایک ہلاک، درجنوں زخمی، ڈیڑھ سو سے زائد گرفتار

لاہور (روزنامہ مجادلہ/ مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز نیشنل الائنس کشمیر کی جانب سے گزشتہ روز مظفرآباد میں نکالی گئی ریلی پر پولیس نے بغیر کسی اشتعال کے حملہ کر دیا، آنسو گیس پھینکی گئی، ہوائی فائرنگ کی گئی، شدید لاٹھی چارج کیا گیا اور مظاہرین کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر گرفتار کیا گیا۔ یہ ریلی پیپلز نیشنل الائنس نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی اور کشمیر کی خودمختاری کے نعرے پر منظم کی تھی۔ کشمیر کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ مگر آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفر آبار میں ریلی کو خاص طور پر ریاستی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے ایکشن سے ایک شہری قاضی محمد اسلم جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد کو گرفتار کیا گیا۔

سردار واجد علی واجد ایڈووکیٹ، سردار مشتاق احمد ایڈووکیٹ اور سردار ارباب ایڈووکیٹ ریاستی جبر کے دوران شدید زخمی بھی ہوئے۔

پیپلز نیشنل الائنس کے چیئرمین راجہ ذوالفقار ایڈووکیٹ نے چیئرمین لبریشن فرنٹ سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل پی این اے سردار لیاقت حیات، جموں کشمیر عوامی ورکرز پارٹی کے چیئرمین نثار شاہ اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس پی ریاض مغل ان دیکھی طاقتوں کے ہاتھوں می کھیل رہے تھے اور ڈی ایس پی ہی کی ایما پر پر امن احتجاجی مارچ کے شرکا پر تشدد اور بدترین شیلنگ کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سو سے زائد کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اتنے ہی کارکنان تاحال لاپتہ ہیں۔ مظفرآباد شہر کو سرینگر بنا دیا گیا ہے۔ ہم انتظامیہ کو دو دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں اگر دو دن کے اندر تمام کارکنان کو رہا نہ کیا گیا اور ڈی ایس پی ریاض مغل سمیت دیگر ذمہ داران کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو چوبیس اکتوبر سے بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

رات کو مظفر آباد پریس کلب پر بھی پولیس کی جانب سے دھاوا بولا گیا، صحافیوں پر تشدد کیا گیا ان کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ اس کاروائی کا مقصد صحافیوں کو ہراساں کرنا اور پیپلز نیشنل الائنس کی کلب میں موجود قیادت کو گرفتار کرنا تھا۔

آخری اطلاعات کے مطابق الائنس کے ایک پانچ رکنی وفد سے آزاد کشمیر کے صدر نے مذاکرات کے بعد تمام گرفتار افراد کو رہا کرنے، ڈی ایس پی کو معطل کرنے اور جاں بحق ہونے والے فرد بارے کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts