خبریں/تبصرے

ماہ رنگ بلوچ کو امریکہ جانے سے روک دیا گیا

لاہور(جدوجہد رپورٹ) بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو امریکہ جانے سے روک دیا گیا۔ وہ ٹائمز میگزین گالا میں شرکت کے لیے نیو یارک جا رہی تھیں، انہیں ٹائمز میگزین نے دنیا کی 100طاقتور شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

پیر کی شام کراچی ایئرپورٹ سے جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں ماہ رنگ بلوچ نے یہ انکشاف کیا کہ ان کی نیویارک کی فلائٹ تھی، تاہم انہیں ایف آئی اے حکام نے سفر کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ ان کا پاسپورٹ بھی لے لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا نام ای سی ایل میں نہیں ہے اور انہیں یہ بتایا بھی نہیں جا رہا ہے کہ انہیں بین الاقوامی سفر سے کیوں روکا گیا ہے۔

انہوں نے اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرے بین الاقوامی سفرپر پابندی بلوچ آوازوں کو عالمی سطح پر پھیلنے سے روکنے کی ایک کوشش ہے۔ یہ دو دہائیوں سے جاری نسل کشی کی آواز کو عالمی سطح پر پہنچنے سے روکنے کی ایک کوشش ہے، کیونکہ بلوچستان میں جاری جبر کی کسی میڈیا پر کوئی کوریج نہیں ہونے دی جا رہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے کارکنوں کو انسانی حقوق پر بات کرنے سے بھی روکا جا رہا ہے۔ ہم جدوجہد جاری رکھیں گے اور ریاستی جرائم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ’پشتون قومی جرگہ‘ کی تیاریوں میں مصروف پشتون تحفظ موومنٹ کو بھی حکومت نے کالعدم قرار دے دیا تھا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts