خبریں/تبصرے

’پشتون قومی جرگہ‘ میں مبینہ شرکت کرنے والے 500 سرکاری ملازمین کو نوٹس جاری

لاہور(جدوجہد رپورٹ)پختونخوا حکومت نے پشتون تحفظ موومنٹ(پی ٹی ایم) کے زیر اہتمام منعقدہ تین روزہ ’پشتون قومی جرگہ‘ میں مبینہ طور پر شرکت کرنے والے شیڈول فور میں شامل 500سے زائد سرکاری ملازمین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

سرکاری ملازمین کی سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز اور ان کے ارد گرد کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

’مشرق ٹی وی‘ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی تنظیم پی ٹی ایم کی تقریبات میں شرکت پر حکومت نے پابندی عائد کر رکھی تھی۔ حکومت کی جانب سے جاری احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر صوبائی اور وفاقی محکموں کے 500سے زائد ملازمین کو نوٹس جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

یہ تمام ملازمین شیڈول فور میں بھی شامل ہیں اور منظوری کے بعدنوٹس جاری کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شیڈول فور میں پشاور سمیت صوبہ بھر کے 500سے زائد ملازمین کے نام شامل ہیں، جبکہ شیڈول فور کو اپ ڈیٹ بھی کیا جا رہا ہے۔

500 سرکاری ملازمین کے نام شیڈول فورتھ میں شامل کرنے کے بعد ان پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی ایم کے جرگہ میں شرکت کرنے والے سرکاری محکموں کی ملازمین کی نشاندہی کی گئی ہے، اور ابتدائی مرحلے میں انہیں نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔

حکومت کی جانب سے پابندی کے باوجود سرکاری ملازمین مختلف پروگراموں میں شرکت کر رہے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts