خبریں/تبصرے

روزنامہ جدوجہد کی جرنلزم ورکشاپ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) گذشتہ روز ’جدوجہد‘ کے زیر اہتمام ایک جرنلزم ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد نوجوان سیاسی کارکنوں کو صحافتی تحریریں لکھنے کی تربیت دینا تھا۔اس ورکشاپ کا اہتمام سیفما کے دفتر میں کیا گیا جس میں مختلف یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے دس طلبہ نے حصہ لیا۔ ورکشاپ میں مدیر جدوجہد فاروق سلہریا نے اخبار میں لکھی جانے والی مختلف صنفوں پر بات چیت کی۔ یہ اپنے سلسلے کی پہلی ورکشاپ تھی۔ اس سلسلے میں اگلی ورکشاپ 7 مارچ کو منعقد کی جائے گی۔

ورکشاپ میں پاکستان میں ترقی پسند صحافت کی تاریخ پر بھی بات کی گئی۔ ورکشاپ کے شرکا کا خیال تھا کہ بائیں بازو کو سوشل میڈیا کی جانب زیادہ توجہ دینی چاہئے مگر منظم انداز میں ترقی پسند خیالات کی ترویج کے لئے ضروری ہے کہ بائیں بازو کے کارکن لکھنے کے فن کے لئے ہر ممکن تربیت حاصل کریں۔

مدیر ’جدوجہد‘ کے مطابق اس ورکشاپ کا مقصد نئے لکھنے والے نوجوان ترقی پسند کارکنوں کی تربیت اور حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ان ورکشاپوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مستقبل میں کوشش کی جائے گی کہ یہ ورکشاپس لاہور سے باہر بھی منعقد کی جائیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts