لاہور (جدوجہد رپورٹ) آئی کیو ایئر نے گزشتہ روز لاہور کو دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار دیا ہے جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہلے نمبر پر رہا۔ لاہور کے غریب ترین رہائشی علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس بڑھ کر 750 ہو گیا، جو تجویز کردہ سطح سے بارہ گناہ زیادہ ہے۔
آلودگی کی بڑی وجہ گاڑیوں کا دھواں، کٹی ہوئی فصلوں کو آگ لگانا، سٹیل مینوفیکچرنگ اور اینٹوں کے بھٹوں سے نکلنے والا دھواں ہے۔ موسم سرما میں پاکستان میں اس وقت آلودگی کا اعشاریہ ڈرامائی انداز میں عروج پر پہنچ گیا جب کسانوں نے کھیتوں میں کٹی فصلوں کو آگ لگائی۔
بدھ کے روز سموگ کے کالے بادلوں نے پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور کو لپیٹ میں لے لیا۔ جس کی وجہ سے شہریوں میں سانس اور آنکھوں کی بیماریوں کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ تاہم حکام نے ماحولیاتی آلودگی کے سد باب کے لئے اقدامات کرنے کی بجائے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی صلاح دینے پر ہی اکتفا کیا ہے۔