خبریں/تبصرے

پی ڈی ایم کے وفد کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے ملاقات

عمار علی جان

گذشتہ دنوں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی قیادت نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جیک) کے ارکان سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کے دفتر میں ہوئی۔ ملاقات کا مقصد پی ڈی ایم کے میثاق جمہوریت پر بات چیت کر نا تھا۔

پی ڈی ایم کے وفد میں خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق اور فیصل میر شامل تھے جبکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ارکان کی قیادت آئی اے رحمن اور حنا جیلانی نے کی۔

پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے ان گراس روٹس کارکنوں کے ساتھ اظہار ِیکجہتی کیا جو موجودہ حکومت کی زیادتیوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہم نے البتہ ان رہنماؤں کو یاد دلایا کہ اُن کی حکومتوں کے دوران بھی انسانی حقوق کی زبردست خلاف ورزیاں ہوئیں…طلبہ، خواتین، اقلیتیں اور مزدور گذشتہ حکومتی ادوار میں بھی جبر کا شکار بنتے رہے۔

ہم نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ پی ڈی ایم نے موجودہ سیاسی و سماجی بحران سے نپٹنے کے لئے کوئی واضح پروگرام نہیں دیا۔

پی ڈی ایم کی قیادت نے ہمارے سوالات کے تفصیلی جواب دئیے اور ہمیں اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ ہم نے پی ڈی ایم کے چارٹر کی حمایت کی جبکہ انہیں اپنا چارٹر بھی پیش کیا۔ ہم نے یہ بھی واضح کیا کہ ہم نہ تو پی ڈی ایم میں شامل ہوں گے، نہ ہی پی ڈی ایم کی توثیق کریں گے البتہ مشترکہ مقاصد کے لئے مل کر چلیں گے۔

ہم یہ چاہتے ہیں کہ بائیں بازو کی ایک آزادانہ تنظیم قائم کی جائے جس کا نصب العین یہ ہو کہ سیاست پر اشرافیہ کے قبضے کا خاتمہ کرے نہ کہ اِس بڑی سیاسی جماعت یا اُس بڑی جماعت کے ساتھ اتحاد کرے۔

Ammar Ali Jan
+ posts

عمار علی جان حقوق خلق موومنٹ کے ساتھ کام کرتے ہیں اور ایف سی کالج یونیورسٹی لاہور میں پڑھاتے ہیں۔