خبریں/تبصرے

جموں کشمیر میں آزادانہ انتخابات کرائے جائیں: ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ

ڈیلاس، ٹیکساس (پریس ریلیز) جنوبی ایشیا میں جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کی علم بردار تنظیم ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ نے ان اطلاعات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے انتخابات میں آزادی کا مطالبہ کرنے والی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی ہے۔

تنظیم کی ایک پریس ریلیز میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ کشمیرمیں 25 جولائی کو ہونے والے قانون ساز ادارے کے انتخابات میں تمام امیدواروں کے لئے الحاق پاکستان پر یقین رکھنے کے حلف نامے پر دستخط کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جسے فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔ گزشتہ ہفتے تنظیم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ماہانہ اجلاس میں منظور کی جانے والی ایک قرارداد میں کہاگیا ہے کہ بندشوں کے سائے میں کرائے جانے والے جانب دارانہ انتخابات جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہیں جس کے ذریعے ہونے والی سیاسی سرگرمیوں کی قانونی حیثیت مشکوک ہو گئی ہے۔

تنظیم نے کہا ہے کہ ان تمام پابندیوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور بھارت اور پاکستان کے زیر اہتمام کشمیر کے تمام علاقوں میں انتخابات کے عمل کو شفاف اور جمہوریت کے تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق بنایا جائے۔

بورڈ کے ممبر راجہ مظفر نے شرکا کو بتایا کہ انتخابات کی شرائط کا مقصد ریاست کے بالغ ووٹروں کو حق رائے دہی سے محروم کرنا ہے اور دوسری جانب یہ اقدام بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور پاکستان کے آئین کی بھی نفی ہے۔ راجہ مظفر سینئر کشمیری لیڈر اور گلوبل کشمیر کونسل کے بورڈ آف ڈائرکٹرز کے ممبر بھی ہیں۔

تنظیم کے مطابق جموں کشمیر بشمول گلگت، بلتستان اور لداخ متنازعہ علاقہ ہے اور بھار ت یا پاکستان کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ خطے کے عوام کو حق رائے دہی سے محروم کریں۔ برصغیر کی دو ایٹمی ریاستوں کی جانب سے کشمیر یوں کے بنیادی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے اور عالمی طاقتوں کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts