خبریں/تبصرے

انقلابی رہنما رؤف خان لنڈ گرفتار: بے بنیاد مقدمہ ختم کرنے اور رہائی کا مطالبہ

لاہور(جدوجہد رپورٹ) معروف قانون دان اور انقلابی رہنما رؤف خان لنڈ ایڈووکیٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ راجن پور پولیس نے انکے خلاف انسداد دہشت گردی اور دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

تاہم انکے ساتھی وکلا اور انقلابی رہنماؤں نے کہا ہے کہ پولیس نے بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے۔ چوبیس گھنٹے سے زائد وقت تک رؤف خان لنڈ کو بغیر مقدمہ درج کئے گرفتار رکھا گیا اور جب ڈسٹرکٹ بار اور سیاسی کارکنوں کی جناب سے احتجاج کیا گیا تو پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (پی ٹی یو ڈی سی) اور ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ (آر ایس ایف) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معروف قانون دان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے انقلابی رہنما روف خان لنڈ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ روف خان لنڈ کی زندگی محنت کش طبقے، مزدوروں، کسانوں اور طلبہ حقوق کی پر امن جدوجہد سے عبارت ہے۔

انکا کہنا تھا کہ روف خان لنڈ تشدد، دہشت گردی اور جرائم کے خلاف اپنے غیر متزلزل نظریات و عزائم پر نہ صرف قائم ہیں بلکہ انہوں نے ان اسباب کے خاتمے کے خلاف زندگی بھر کاوشیں کی ہیں جن کی وجہ سے سماج میں بد امنی، تشدد، قتل و غارت گری اور سماجی جرائم پھیلتے ہیں۔

ہم سمجھتے ہیں کہ روف خان لنڈ پر اسلحہ کا جھوٹا مقدمہ گھٹیا حربہ، سیاسی انتقام اور سازش ہے۔ اس انتقامی کاروائی کا سبب ضمنی انتخابات میں روف خان لنڈ کے سیاسی کردار کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی بزدلانہ انتقامی کاروائیوں سے انقلابی و سیاسی راہنماؤں کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔ ہم روف خان لنڈ کی گرفتاری کے گھناونے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ روف خان لنڈ پر جھوٹی ایف آئی آر واپس لے کر انہیں فوراً رہا کیا جائے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts