خبریں/تبصرے

افریقہ میں کرونا 3 لاکھ سے 3.3 ملین جانیں لے سکتا ہے: اقوام متحدہ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) یو این اکنامک کمیشن فار افریقہ کے مطابق افریقہ میں اس سال کرونا وائرس سے کم از کم تین لاکھ اور بد ترین صورت ِحال میں 33 لاکھ اموات ہو سکتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اگر سماجی دوری (سوشل ڈسٹینسنگ) پر بہت شدت سے عمل کیا جائے تو بھی کم از کم 122 ملین افراد کرونا کا شکار ہوں گے۔ گذشتہ جمعے تک افریقہ میں کرونا کے 18,000 مریض سامنے آئے تھے۔ اگر صورت حال قابو میں رہے تو بھی افریقہ میں ہیلتھ سسٹم پر 44 ارب ڈالر خرچ کرنے کی ضرورت ہے تا کہ اس بحران سے نپٹا جا سکے اور اگر حالات بد ترین شکل اختیار کر گئے تو 446 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا بحران کے افریقہ کی معیشت پر بھی برے اثرات مرتب ہوں گے اور اس بر اعظم کی معاشی نمو 2.6 فیصد رہ جائے گی جبکہ 27 ملین افراد سطح غربت سے نیچے چلے جائیں گے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts