خبریں/تبصرے

سٹیل ملز کی نجکاری اور محنت کشوں کی جبری برطرفیوں کے خلاف پی ٹی یو ڈی سی کے ملک گیر مظاہرے

مورخہ 3 جون کواعلیٰ سطح کے وفاقی ادارے ’اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی‘میں سٹیل ملز کی نجکاری اور تمام محنت کشوں کی جبری برطرفیوں کے احکامات جاری کئے گئے، اس فیصلے کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے سٹیل ملز کے محنت کشوں نے تحریک کا آغاز کیا۔ اس سلسلے میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن کی جانب سے فوری طور پر سٹیل ملز کے محنت کشوں کے لئے بھرپورمہم کا آغاز کیا گیا۔ مورخہ 4 جون سے سٹیل ملز کی نجکاری کے خلاف پی ٹی یو ڈی سی کی جانب سے احتجاجات کا سلسلہ شروع ہے۔

اسلام آباد

 پی ٹی یو ڈی سی کی جانب سے مورخہ 6 جون اسلام آباد پریس کلب کے سامنے پاکستان سٹیل ملز کی ممکنہ نجکاری اور ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں پیپلز یونٹی پی آئی اے، ریلوے لیبر یونین، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ورکرز یونین سی بے اے، انقلابی طلبہ محاذ، جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن، عوامی ورکرز پارٹی، سول سوسائٹی اور محنت کشوں نے شرکت کی۔ مقررین میں آر ایس ایف کے مرکزی آرگنائزر اویس قرنی اور پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی رہنما چنگیز ملک اور دیگر شامل تھے۔

لاہور
مورخہ 6 جون کو حقوق خلق موومنٹ اور پی ٹی یو ڈی سی  کے زیراہتمام پریس کلب لاہور کے سامنے اسٹیل ملز کے محنت کشوں سے یک جہتی کے لئے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں محنت کش خواتین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مظاہرے کے آغاز میں برمیش اور بلوچستان میں انصاف کے متلاشی افراد کے لئے ایک منٹ خاموشی اختیار کی گئی۔ عوامی شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی، طاہرہ جالب نے ملک کے چھوٹے صوبوں کی عوام کے لئے ہمدردی اور یکجہتی کے جذبات پیدا کرنے کے لئے اپنے والد کی نظم ’جاگ میرے پنجاب‘ ترنم میں پڑھی جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔

مقررین میں ایچ کے ایم سے عمار علی جان، زاہد علی، راشد بٹ اور پی ٹی یو ڈی سی سےعمر شاہد شامل تھے۔

حیدرآباد

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے مورخہ 5 جون کو پاکستان اسٹیل مل سے 9350 ملازمین کو جبری برطرف کرنے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں پی ٹی یو ڈی سی سمیت ایپکا، نادرا ایمپلائز یونین، ٹریٹ کارپوریشن ایمپلائز یونین، ریلوے محنت کش یونین، بیروزگار نوجوان تحریک، انقلابی طلبہ محاذ و دیگر اداروں سے ٹریڈ یونین رہنماؤں سمیت نوجوانوں نے شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت پی ٹی یو ڈی سی کے صوبائی جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ نثار احمد چانڈیو نے کی۔

مظاہرے سے نثار چانڈیو، میرل بھرگڑی، رضاخان سواتی، ایسر داس،عزیز کھوسو، نیاز خاصخیلی، منیر جوکھیو، جے پرکاش و دیگر نے خطاب کیا اور محنت کشوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محنت کشوں کا معاشی قتل عام بند کیا جائے اور سٹیل مل کے متعلق لیا گیا حالیہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

خیرپورمیرس

پی ٹی یو ڈی سی اور یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن کی جانب خیرپور میرس پریس کلب کے سامنے اسٹیل مل کے محنت کشوں کو برطرف کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مظاہرین نے سٹیل ملز کے محنت کشوں کے حق اور حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔

ٹنڈوالہ یار

ٹنڈوالہ یار میں پی ٹی یو ڈی سی کے زیراہتمام مورخہ 7 جون کو سٹیل ملز کے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرہ کیا گیا جس میں گورنمنٹ سکول ٹیچرز ایسوسی ایشن، بیروزگارنوجوان تحریک، محنت کشوں اور نوجوانوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ مظاہرے سے پی ٹی یو ڈی سی کے میر پور خاص آرگنائزر پر توشم، محمد حسین اور ڈاکٹر عبد غفار نے خطاب کرتے ہوئے محنت کشوں کی برطرفی اور سٹیل ملز کی نجکاری کے حکومتی منصوبے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کے روزگار کو تحفظ دیا جائے اور نجکاری پالیسی کو منسوخ کیا جائے۔

میرپور بٹھورو

سٹیل ملز کے محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پی ٹی یو ڈی سی میر پور بٹھورو کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا جس سے جبار زنئور، کامریڈ سکندر اور غنی نے خطاب کیا۔

بھان سیدآباد

پاکستان سٹیل ملز کراچی کے 9350 ملازمین کی جبری برطرفی کے خلاف مورخہ 4 جون کو پریس کلب بھان سیدآباد میں پی ٹی یو ڈی سی اوربیروزگارنوجوان تحریک کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس سے پی ٹی یو ڈی سی کے صوبائی صدر انور پنہور، بی این ٹی کے شاہ محمد پنہورر، اقبال میمن، سجاد گچل، سجاد شاہانی اور علی شیر بروہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے طرف سے گولڈ شیک ہینڈ کے نام سے لولی پاپ دیا گیا ہے، کیونکہ 18 ارب روپے تو گریجویٹی اور پروویڈنٹ فنڈ کے لیے بھی ناکافی ہیں۔

کوئٹہ

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور مارٹن ڈاؤ مارکر ورکرز یونین پاکستان کے زیراہتمام پاکستان سٹیل ملز سے تمام ملازمین کی جبری برطرفی اور پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کے خلاف مورخہ 8 جون کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مارکر فیکٹری کے مزدوروں، پی ٹی یو ڈی سی کے کارکنان، طلبہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین سے پیرا میڈیکل سٹاف اایسو سی ایشن کے علی رضا منگول، مارٹن ڈاؤ مارکر ورکرز یونین کے منظور بلوچ، پاکستان ورکرز فیڈریشن کے صدر ماما سلام بلوچ اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین کے مرکزی چیئرمین نذر مینگل نے خطاب کیا۔

دادو
مورخہ 9 جون کو پی ٹی یو ڈی سی اور بیروزگارنوجوان تحریک دادو کی طرف سے اسٹیل مل پاکستان کی نجکاری اور ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف میونسپل پارک دادو سے پریس کلب دادو تک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ’پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی جبری برطرفی نامنظور‘، ’پاکستان اسٹیل مل کو بحال کرو‘ اور پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری نامنظور‘ کے نعرے لگائے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی یو ڈی سی کے ضلعی صدر محمد موریل پہنور، بیروزگار نوجوان تحریک کے رہنما اعجاز بگھیو، حنیف مصرانی اور صدام خاصخیلی نے کہا کہ اسٹیل مل پاکستان کی معیشت میں ایک اہم ادارہ ہے جس کو حکمران اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے برباد کرکے اسے بیچنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں اسی سلسلے کی یہ کڑی ہے جو 9350 ملازموں کو جبری طور پر برطرف کیا گیا ہے۔

سیہون

پاکستان اسٹیل ملز کراچی کے 9350 ملازمین کی جبری برطرفی کے خلاف سیہون میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور بیروزگار نوجوان تحریک کی جانب سےاحتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس سےپی ٹی یو ڈی سی کے صوبائی صدر انور پنہور، بیروزگار نوجوان تحریک کے سکندر اوٹھو، کسان رہنما محرم اوٹھو اور کامریڈ عارب ملاح نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے طرف سے گولڈ ہینڈ شیک کے نام پر محنت کشوں کو جبری برطرف کیا جا رہا ہے جو کسی بھی طرح برداشت نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ مل کو تباہ کرنے میں حکمران اور ان کی افسرشاہی ملوث ہیں۔

تھڑی میرواہ

اسٹیل مل کی نجکاری کے خلاف پی ٹی یو ڈی سی اور بیروزگار نوجوان تحریک کی طرف سے پریس کلب ٹھری میر واہ میں احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ جس میں پی ٹی یو ڈی سی کے رہنما کامریڈ شرجیل، کامریڈ نسیم اعجاز اور کامریڈ ظفر بالشویک نے ان ریاستی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسٹیل ملازمین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

رحیم یارخان

پاکستان اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کو بحال کیا جائے۔ اسٹیل ملز چلا کر 4 ارب ڈالر زرمبادلہ بچایا جائے۔ پاکستان اسٹیل کی بندش پاکستان کے خلاف سازش ہے۔ عمران خان اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے اسٹیل ملز چلا کر مزدورں کو روزگار پر واپس لیں۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی سیکریٹری جنرل قمر الزماں خان، رئیس طارق، ایم آر ڈبلیو کے رہنما ندیم ملک، خالد بھبھر، محسن سعید، پی پی کے سید حسنین شاہ، انقلابی سٹوڈنٹس فرنٹ کے رہنماعمر رشید، عمیر بھٹی، عمیر ڈاہر، ابوبکر، پنجاب پروفیسرز لیکچررز ایسوسی ایشن کے ڈویژنل سیکریٹری سید مبشرگیلانی، حضور بخش تابش، ثنااللہ، ڈسٹرکٹ ورکر کمیٹی کیربانی بلوچ اور آصف بلو نے پاکستان اسٹیل ملز سے 9350 مزدوروں کی برطرفی کے خلاف پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام ضلعی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے کیا۔ 

جام پور

جام پور میں سٹیل ملز کے محنت کشوں سے یکجہتی کے لئے مظاہرے اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں محنت کشوں، کسانوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی یو ڈی سی جنوبی پنجاب کے رہنما رؤف لنڈ نے کہا کہ سٹیل ملز کو بیچنا دراصل نجی سٹیل مل مالکان اور حکومت کا گٹھ جوڑ ہے، ہم اس فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہیں اور سٹیل ملز کے محنت کشوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ملتان
پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری اور  نو ہزار سے زائد محنت کشوں کے معاشی قتل عام کے خلاف اور سٹیل ملز کے محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام مورخہ 9 جون پریس کلب ملتان کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ملتان کے ریجنل آرگنائیزر ندیم پاشا ایڈووکیٹ، ذیشان شہزاد، ملک بشیر احمد صدر پیپلز لیبر بیورو جنوبی پنجاب، مسعود گجر ضلعی صدر پنجاب ٹیچرز یونین، کامریڈ شکیل ملک، کامریڈ اسحاق، ملک عاشق بھٹہ جنرل سیکرٹری پیپلز لیبر بیورو جنوبی پنجاب، جنید، شاہزیب، احمد سلہری اور عاصم خان نے خطاب کیا۔

فیصل آباد

لیبر قومی موومنٹ، پی ٹی یو ڈی سی، لیبر فیڈریشن اور عوامی ورکرز پارٹی نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے سامنے پاکستان سٹیل ملز کے برطرف 93 سو ملازمین کےساتھ اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرہ کیا۔ سٹیل مل کے ورکرز کی بحالی اور مل کو قومی تحویل میں چلانے کا مطالبہ کیا۔ ورکرز اور میڈیا بات چیت کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا کہ حکمران قومی اداروں کو ملکی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے منافع بخش بنائیں اور انتظامیہ تبدیل کریں۔ پی ٹی یو ڈی سی کےعلی تراب کا کہنا تھا کہ آئی ا یم ایف کے ایما پر حکومت پاکستان تمام عوامی اداروں کی نجکاری کرنا چاہتی ہے مگر عوامی اداروں کے تحفظ کے لئے ہر سطح پر جدوجہد کریں گے۔ حاجی اسلم وفا نے کہا کہ ہم ایسے تمام قومی اداروں کی نجکاری کی مخالفت کرتے ہیں اور ہم ہر طرح کی مزاحمت کریں گے۔

سیالکوٹ

سیالکوٹ پریس کلب کے سامنے سٹیل ملز کے محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پی ٹی یو ڈی سی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس میں پی ٹی سی ایل پنشنرز ایسو سی ایشن، پنجاب پروفیسرز اور لیکچرز ایسو سی ایشن، انقلابی طلبہ محاذ اور فیکٹریوں کے محنت کشوں نے شرکت کی۔ خطاب کرتے ہوئے محمد توقیر، پی ٹی سی ایل پنشنرز ایسوسی ایشن اور ناصر بٹ صدر پی ٹی یو ڈی سی سیالکوٹ کا کہنا تھا کہ موجودہ تحریک انصاف کی حکومت مزدور دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور عوامی اداروں کی نجکاری کر کے سرمایہ داروں کو نوازنا چاہتی ہے۔

اٹک

پی ٹی یو ڈی سی اور پیپلز لیبر بیورو کے زیر اہتمام حسن ابدال سٹاپ اٹک پر سٹیل ملز کی نجکاری کے خلاف اور محنت کشوں کی بحالی کے حق میں احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گا۔ جس میں بڑی تعداد میں محنت کشوں نے شرکت کی۔ مظاہرے سے پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی رہنما چنگیز ملک اور پیپلز لیبر بیورو اٹک کے ضلعی صدر سراج خٹک نے خطاب کیا۔ 

مظفرآباد (آزاد کشمیر)

پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کے خلاف 9 جون کو پی ٹی یو ڈی سی کی ملک گیر احتجاجی کال پر کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی سٹیل مل ملازمین سے یکجہتی احتجاج کیے گئے۔ پاکستان زیر انتظام کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں لوئر پلیٹ میں پی ٹی یو ڈی سی اور جے کے این ایس ایف کے کارکنان نے سٹیل ملز کی نجکاری مخالف اور جبری برطرف ملازمین کو فی الفور بحالی کے بینر اور پلے کارڈ کے ساتھ احتجاج کیا۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی یو ڈی سی کشمیر کے صدر نوید اسحاق، طارق چغتائی، جے کے این ایس ایف کے نائب صدر مروت راٹھور اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کے پی ٹی آئی حکومت شروع دن سے مزدور دشمن پالیسیاں لے کر آئی ہے اور اس وقت پورے ملک کو آئی ایم یف کے آگے گروی رکھ دیا ہے اس بات کا واضح اظہار سٹیل ملز کی نجکاری اور مزدوروں کی جبری برطرفیاں ہیں۔

  راولا کوٹ

کھائیگلہ، راولا کوٹ میں بھی پی ٹی یو ڈی سی اور جے کے این ایس ایف کے کارکنان نے سٹیل ملز کی نجکاری مخالف احتجاج کا انعقاد کیا۔ احتجاج سے مرکزی صدر جے کے این ایس ایف ابرار لطیف، پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی رہنما جنت حسین اور دیگر نے خطاب میں نجکاری اور برطرفیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ 

پلندری

پلندری میں پی ٹی یو ڈی سی اور آزاد کشمیر ٹیچرز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام احتجاج سے سعد ناصر اور دیگر نے خطاب کیا، اسٹیل ملز کے مزدوروں سے اظہار یکجہتی کی اور حکومت کی نجکاری پالیسی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ 

Roznama Jeddojehad
+ posts