خبریں/تبصرے

کرغزستان: قوم پرست سیاستدان صدارتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب

لاہور (جدوجہد رپورٹ) کرغزستان میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں قوم پرست سیاستدان سید رجپاروف نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

روس کے ساتھ ملحقہ وسطی ایشیائی ملک کے مرکزی الیکشن کمیشن کے جاری کردہ پیشگی نتائج کے مطابق جپاروف نے تقریباً 80 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطاق 80 فیصد سے زیادہ ووٹرز نے صدر کو پارلیمنٹ کے اخراجات پر زیادہ سے زیادہ اختیارات دینے کیلئے آئین میں ترمیم کی تجویز کی بھی حمایت کی ہے۔ نو منتخب صدر نے کہا ہے کہ جون میں اصلاحات نافذ کر دی جائیں گی۔

جپاروف نے نتائج کے اعلان کے بعد صحافیوں کو بتایاکہ ”میں مشکلات اور بحران کے وقت اقتدار سنبھال رہا ہوں۔ ”ایک یا دو سال ہر چیز کو ٹھیک کرنے کیلئے کافی نہیں ہوں گے، ہم اسے تین یا چار سال میں کر سکتے ہیں اور اس میں استحکام کی ضرورت ہو گی۔“

گزشتہ اکتوبر میں شروع ہونے والے پُرتشدد مظاہروں نے 52 سالہ جپاروف کو جیل سے وزیر اعظم کی کرسی تک پہنچایا۔

احتجاج کے دوران صوبائی گورنر کو اغوا کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا پانے والے جپاروف کو اکتوبر کے مظاہروں کے دوران رہائی ملی تھی اور انہوں نے صدارتی انتخاب میں 16 حریفوں کے مقابلے میں انتخابی مہم پر سب سے زیادہ اخراجات بھی کئے۔

دارالحکومت بشکیک کے نواحی علاقے میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد جپاروف نے کہاکہ ”روس ہمارا اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔ تمام گروہ استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے نتائج کو قبول کریں۔“

Roznama Jeddojehad
+ posts