راولاکوٹ (نامہ نگار) شہید کشمیر مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں موجود کشمیریوں نے ریلیاں، جلسے اور جلوس منعقد کئے اور شہدا کے مشن کی تکمیل، جموں کشمیر کی مکمل آزادی، خودمختاری اور طبقات سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے جدوجہد کا عزم کیا گیا۔
پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کے تمام ضلعی اور تحصیل صدر مقامات پر قوم پرست اور ترقی پسند تنظیموں کے زیر اہتمام درجنوں ریلیاں، جلسے اور جلوس منعقد کئے گئے۔ یہ تقریبات جموں کشمیر لبریشن فرنٹ اور جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مختلف دھڑوں کے علاوہ دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام منعقد کئے گئے تھے۔
دارالحکومت مظفرآباد میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام احتجاجی ریلیاں منعقد کی گئیں اور بعد ازاں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے تین دھڑوں اور کشمیر نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام مشترکہ جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ مذکورہ جلسہ میں مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، انکے نظریات اور افکار پر چلتے ہوئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ مذکورہ تقریب جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق مرکزی صدر کامریڈ امجد شاہسوار اور کشمیر نیشنل پارٹی کے زونل صدر افضال سلہریا (مرحوم) کے نام سے منسوب کی گئی تھی۔
راولاکوٹ میں مجموعی طور پر 7 الگ الگ ریلیاں اور جلسے منعقد کئے گئے۔ یہ پروگرام جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے 4 دھڑوں اور جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے 4 دھڑوں کی جانب سے منعقد کئے گئے تھے۔ ان پروگرامات سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ، جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈڑیشن کے مرکزی صدر ابرار لطیف اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
باغ میں 3 پروگرامات منعقد کئے گئے، جن میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ، جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور جموں کشمیر نیپ کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی ریلیاں شامل تھیں۔ ہجیرہ میں بھی جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مختلف دھڑوں اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے الگ الگ پروگرامات کا انعقاد کیا گیا۔ پلندری میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام احتجاجی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تراڑکھل میں قوم پرست اور ترقی پسند تنظیموں کا مشترکہ جلوس منعقد کیا گیا۔
کوٹلی میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ، جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن سمیت دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام احتجاجی ریلیاں اور جلسے منعقد کئے گئے۔
اس کے علاوہ راولپنڈی میں پریس کلب لیاقت باغ کے سامنے جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کراچی برانچ کی جانب سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یونان میں آن لائن ویبینار کاانعقاد کیاگیا، اس کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک میں آن لائن تقاریب کا انعقاد کیاگیا۔