خبریں/تبصرے

سال 2021ء: دنیا بھر میں ریکارڈ 293 صحافیوں کو جیل بھیجا گیا

لاہور(جدوجہد مانیٹرنگ)صحافیوں کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی تنظیم کمیٹی برائے جرنلسٹ پروٹیکشن(سی پی جے) کی رپورٹ کے مطابق سال 2021ء میں صحافیوں کی ریکارڈ گرفتاریاں ہوئیں۔ گرفتار ہونے والے زیادہ تر صحافیوں کا تعلق چین اور میانمار سے ہے۔

’اے ایف پی‘ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق رواں سال دنیا بھر میں 293صحافیوں کو جیلوں میں ڈالا گیا۔ چین میں 50، برما میں 26، مصر میں 25، ویتنام میں 23اور بیلاروس میں 19صحافیوں کو جیلوں میں ڈالا گیا۔

سعودی عرب، ایران، ترکی، روس، ایتھوپیا اور اریٹیریا میں زیر حراست صحافیوں کی تعداد شامل کرتے ہوئے دسمبر2021ء تک دنیا بھر میں قید صحافیوں کی تعداد293ہو چکی ہے۔ تاہم گزشتہ سال یہ تعداد 280تھی۔

سالانہ رپورٹ کے مطابق رواں سال دنیا بھر میں 24صحافیوں کو قتل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق میانمار اور ایتھوپیا نے آزاد صحافت کے دروازے بند کر دیئے ہیں۔

سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ صحافیوں پر تشدد کے حوالے سے بھارت بھی پیچھے نہیں ہے، جہاں رواں سال 4 صحافیوں کو قتل کیا گیا۔

سی جے پی کا کہنا تھا کہ عدم برداشت، آزادانہ صحافت پر غالب آرہی ہے جس کی وجہ سے متعدد صحافی جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔

رپورٹ میں غور کیا گیا کہ دنیا بھر میں صحافیوں کو پابند کیا جارہا ہے، جس میں ہانگ کانگ اور سنکیانگ میں صحافیوں کے خلاف قوانین، میانمار میں بغاوت اور بیلاروس میں اپوزیشن پر کریک ڈاؤن جیسے حربوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق میکسیکو صحافیوں کے حوالے سے جان لیوا ملک رہا ہے، جہاں 3صحافیوں کو رپورٹ کی وجہ سے قتل کیا گیا جبکہ 6کو تحقیقات کا مطالبہ کرنے پر قتل کیا گیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts