لاہور (جدوجہد رپورٹ) سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کلپ پر طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔
سابق امریکی صدر ایک تقریب میں روس کی یوکرین پر جارحیت کے خلاف بات کر رہے تھے لیکن غلطی سے یوکرین کی جگہ انہوں نے عراق کا ذکر کردیا اور فوری طور پر غلطی کا احساس ہونے پر انہوں نے یوکرین کا نام لیا۔
ویڈیو میں سابق امریکی صدر کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’ایک شخص کا عراق پر مکمل طور پر بلاجواز اور سفاکانہ جارحیت کا فیصلہ، میرا مطلب ہے یوکرین پر، عراق بہرحال۔‘
سابق امریکی صدر کی جانب سے غلطی سے اپنے اس جنگی جرم کا اعتراف کرنے کو اس صدر کا سب سے بڑا ’فرائیڈین سلپ‘(ایک ایسی غیر ارادی غلطی جس کے ذریعے سے لاشعور میں موجود احساس ظاہر ہو جائے) قرار دیا جا رہا ہے۔