لاہور (جدوجہد رپورٹ) برطانوی شہر یارک کے دورے کے دوران برطانوی بادشاہ چارلز اور ملکہ کیمیلا پر گندے انڈے پھینک کر ایک نوجوان نے برطانوی بادشاہت کی جانب سے پھیلائی گئی تباہیوں اور کلونیل ازم کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا۔
’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق برطانوی پولیس نے 23 سالہ ایکٹوسٹ کو انڈے پھینکنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ نوجوان کی جانب سے پھینکے گئے انڈوں میں سے کوئی بھی شاہی جوڑے کو نہیں لگا اور نوجوان احتجاج کرتا رہا۔ تاہم پولیس نے اسے گرفتار کر کے زمین پر لٹا دیا تھا۔
احتجاج کرتے ہوئے نوجوان نے کہا کہ ”تم جانتے ہو؟ میں اس کرۂ ارض کے شہریوں اور ہر اس شخص کے ساتھ ہوں جو دنیا بھر میں فاشزم کے خلاف کھڑا ہے۔ پولیس کی بربریت کے تمام متاثرین، غلامی، استعمار اور سامراج کے تمام متاثرین، ہر ایک شخص جو مر گیا، مردوں، عورتوں اور بچوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ان تمام لوگوں کیلئے انڈے وہ واحد انصاف ہیں جو وہ کبھی دیکھنے جا رہے ہیں، وہ لوگ جو اس لئے مر چکے ہیں تاکہ وہ شخص تاج پہن سکے۔“