خبریں/تبصرے

راولپنڈی: مہنگائی کے خلاف محنت کشوں کا احتجاج، سینکڑوں کی شرکت

راولپنڈی (پ ر) میونسپل لیبر یونین سی بی اے میٹرو پولیٹن راولپنڈی، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور جوائنٹ ایمپلائز یونین سول ایوی ایشن کے زیر اہتمام منگل کے روز آٹے کے مصنوعی بحران، مہنگائی، نجکاری، ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ، ریلوے یونینز پر پابندی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس مظاہرے میں سینکڑوں محنت کشوں کے علاوہ نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد بھی شریک تھی۔

مظاہرین نے بینر، جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر آئی ایم ایف کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر میونسپل لیبر یونین نثار کیانی اور سرپرست اعلیٰ راجہ مجید نے کہا کہ موجودہ آٹے کے مصنوعی بحران، مہنگائی اور آئی ایم ایف کی مزدور دشمن پالیسیوں نے پہلے سے تباہ حال محنت کشوں کی زندگیوں کو مزید اجیرن بنا دیا ہے۔ نجکاری، ڈاؤن سائزنگ، ایئرپورٹ اور واپڈا کے فیڈرز کی آؤٹ سورسنگ جیسے مزدور دشمن اقدامات سے چند مٹھی بھر سرمایہ داروں کی تجوریوں کو مزدوروں کا استحصال کر کے بھرا جائے گا اور یہ سلسلہ چلتا رہے تھا۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر نئی حکومت سابقہ حکومت کی پالیسیوں کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے خود کو عوام کے مسائل سے بری الذمہ قرار دیتی رہی ہے۔ تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ اس طبقات نظام معیشت میں محنت کشوں کے مسائل کا حل کسی صورت ممکن نہیں ہے۔ طلبہ مزدور اور کسان اتحاد ہی وہ واحد راستہ ہے کہ جس کی بنیاد پر جدوجہد کرتے ہوئے اس سماج کو طبقات سے آزاد کیا جا سکتا ہے اور ایسے سماج کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے، جہاں انسان اپنے آپ کو حقیقی طور پر انسان تصور کر سکے۔

مظاہرین سے خطاب کرنے والے دیگر مقررین میں پیپلز یونٹی پی آئی اے کے جنرل سیکرٹری سہیل مختار، سینئر نائب صدر شعیب خان، ریلوے محنت کش یونین کے جنرل سیکرٹری راجہ عمران، ریلوے لیبر یونین ڈیزل ورکشاپ کے صدر آصف رسول، جوائنٹ ایمپلائز یونین سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل شیخ خالد محمود، پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر چنگیز، سی بی اے پی ایم ڈی سی یونین کے صدر افضل قریشی، آل ورکرز الائنس یونین یوٹیلٹی سٹور کے جنرل سیکرٹری سید عارف شاہ، یونائیٹڈ سٹاف آرگنائزیشن ریڈیو پاکستان کے جنرل سیکرٹری محمد اعجاز، ایپکا کے مرکزی نائب صدر شہزاد منظور کیانی، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن یونین کے صدر راجہ پرویز اختر، اتحاد ورکرز یونین پی ڈبلیو ڈی اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری سید ذیشان شاہ، پیپلز ڈیموکریٹ یونین سٹیل ملزم پاکستان کے صدر خاور قریشی، آئیسکو واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے ریجنل سیکرٹری عمران خان، آر ایس ایف اور جے کے این ایس ایف کے معیظ اختر، اسرار ملک، راجیش کمار، رانا امجد، رحمان مانی، حمزہ علی، عمر عبداللہ خان، حنان خان، پی آر ایف کے جنرل سیکرٹری ابرار لطیف، پی ٹی یو ڈی سی شمالی پنجاب کے آرگنائزر آصف رشید، جنرل سیکرٹری شاہد رشید شامل تھے۔ تمام مقررین نے مشترکہ جدوجہد کو وقت کی ایک اہم ضرورت قرار دیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts