کراچی (پی ٹی یو ڈی سی) کل مورخہ 3 جون کو اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کے 9350 ملازمین کو ایک ماہ کے نوٹس پر برطرف کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ان ملازمین کو گولڈن شیک ہینڈ دے کرگھر بھجوا دیا جائے گا۔ باقی 250 ملازمین کو دو ماہ کے بعد اصلاحی پروگرام پرعملدرآمد کروانے کے بعد فارغ کر دیا جائے گا۔ یہ عمل دراصل ادارے کی نجکاری کی راہ ہموار کرنے کی کوشش ہے۔
اس حکومتی مزدور دشمن فیصلے کے بعد سٹیل ملز کی تمام یونینز کا اجلاس سٹیل ٹاؤن میں منعقد ہوا، جس میں باہمی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ آج مورخہ 4 جون کوعظیم الشان احتجاج کر کے اس مزدور دشمن حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں احتجاج کے طے شدہ پروگرام کے مطابق تمام محنت کش سہ پہر 3بجے اللہ والی چورنگی سٹیل ٹاؤن کراچی میں اکٹھے ہو نگے جس کے بعد نیشنل ہائی وے تک ریلی نکالی جائے گی اور نیشنل ہائی وے کو مطالبات کی منظوری تک بند کیا جائے گا۔
اس حکومتی فیصلے کے خلاف ملک بھر کی یونینز اورمحنت کشوں میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے، سماجی کارکن عمار جان اور مزدوررہنما فارق طارق نے اپنے ٹویٹ میں اس فیصلے کی بھر پور مذمت کی ہے اور محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح رمضان لغاری پیپلز یونٹی پی آئی اے، محمد توقیر آل پاکستان پی ٹی سی ایل پنشنرز ایسو سی ایشن، اعظم سواتی آل پاکستان نادرا ایمپلائز یونین اور دیگر نے اپنے ویڈیو یکجہتی پیغام میں اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے محنت کشوں کے شانہ بشانہ لڑنے کا عہد کیا ہے۔
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن کی جانب سے مرکزی جنرل سیکرٹری قمر الزمان خان نے سٹیل ملز کے ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم سٹیل ملز کے محنت کشوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور پی ٹی یو ڈی سی سٹیل ملز کے محنت کشوں کے لئے پورے پاکستان میں احتجاجات کا سلسلہ شروع کرے گی۔