خبریں/تبصرے

گھر کو آگ لگی گھر کے چراغ سے: تنویر الیاس کے سٹاف کے مابین میڈیا وار جاری

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے وزیر اعظم تنویر الیاس کے ذاتی سٹاف ممبران کے مابین تضادات اب میڈیا وار کی حد تک پہنچ چکے ہیں۔

تنویر الیاس کی جانب سے وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد میڈیا کیلئے ایک بڑی ٹیم رکھنے کے علاوہ سیاسی امور کی دیکھ بھال کیلئے بھی بڑی تعداد میں سٹاف کو اپنے ہمراہ رکھا تھا۔ ان سٹاف ممبران میں صحافی، سابق بیوروکریٹوں، ریٹائرڈ فوجی و پویس افسران کے علاوہ سیاسی کارکنان کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔

سٹاف ممبران کے درمیان انتخابی مہم کے دوران سے ہی تضادات اور گروہ بندی موجود تھی، جو وزارت عظمیٰ کے بعد مزید تیز ہو گئی۔ انتخابی مہم کے دوران میڈیا کے لئے سٹاف میں رکھے گئے دو گروپوں کے درمیان تضادات کی شکل میں پرانی ٹیم کی جگہ نئی ٹیم نے لے لی تھی۔ تاہم وزارت عظمیٰ کے بعد پرانی و نئی ٹیم کو برابری کی سطح پر نوازا گیا تھا۔

وزیر اعظم تنویر الیاس کی متنازعہ حرکتوں کی وجہ سے بھاری رقوم اور اشتہارات دینے کے باوجود میڈیا میں کہیں نا کہیں متنازعہ خبریں منظر عام پر آتی رہیں، جس کا تمام تر غصہ میڈیا ٹیم پر نکلتا رہا۔ مختلف اوقات میں میڈیا ٹیم کو دھتکار کر باہر نکالا گیا، گالم گلوچ کی گئی۔ میڈیا ٹیم اور دیگر سٹاف ممبران بھی ہر ایک اقدام اور ہر ایک لیک کے الزامات ایک دوسرے پر لگاتے آئے ہیں۔

ماضی قریب میں پریس سیکرٹری اور میڈیا کوآرڈی نیٹر کو ایک پریس ریلیز کی بنیاد پر بے عزت کر کے برطرف کیاگیا۔ تاہم ایک نئے ترجمان کے علاوہ ایک ریاستی اخبار کے چیف ایڈیٹر کو میڈیا کی ذمہ داریاں پہلے ہی سونپی جا چکی تھیں۔

برطرف ہونے والے میڈیا ٹیم کے افراد نے سٹاف ممبران پر سازش کرنے کا الزام عائد کیا۔ تاہم اب برطرف ہونے والے میڈیا ٹیم کے اراکین کے متعلقہ اخبارات کی جانب سے سٹاف ممبران کے خلاف ایک منظم میڈیا مہم شروع کی گئی ہے۔ مذکورہ مہم میں سٹاف ممبران پر کرپشن کرنے، استحقاق سے زائد فنڈز حاصل کرنے اور جعلی بلات کی بنیاد پر فنڈز ہڑپ کرنے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف تقرریوں کیلئے بھی ان کی جانب سے رقم لئے جانے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

یو ں گھر کو آگ بھی گھر کے ہی چراغوں سے لگ رہی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts