خبریں/تبصرے

لیون ٹراٹسکی کے قتل کا آخری زندہ گواہ اب اس دنیا میں نہیں رہا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) انقلاب روس کے قائد لیون ٹراٹسکی کے نواسے ایسٹیبان وولکوف 97 سال کی عمر میں میکسیکو میں فوت ہو گئے ہیں۔

وولکوف 1926ء میں یالٹا میں ٹراٹسکی کی سب سے بڑی بیٹی زینیڈا برونسٹائن کے ہاں پیدا ہوئے۔ 16 جون 2023ء کی شام میکسیکو میں انہوں نے اپنی آخری سانس لی۔

وولکوف نے اپنے بچپن کا بڑا حصہ جلاوطنی میں گزارا۔ ان کی ماں نے خودکشی کر لی تھی اور ان کے والد سائبیریا میں قید تھے۔ وولکوف لیون ٹراٹسکی کے قتل کے آخری زندہ گواہ اور اپنے نانا کی تاریخی یادداشتوں کے محافظ بھی تھے۔

13 سال کی عمر میں وولکوف اپنے نانا لیون ٹراٹسکی کے ہمراہ میکسیکو میں آباد ہو گئے تھے۔ 1990ء میں وولکوف نے میکسیکو سٹی کے کویوکان میں واقع گھر میں ٹراٹسکی کیلئے ایک میوزیم قائم کیا۔ یہ وہی گھر تھا جس میں وہ کبھی لیون ٹراٹسکی اور اپنی نانی کے ہمراہ رہتے تھے۔

اسی گھر میں رہائش اختیار کرنے کے 3 سال بعد 1940ء کو لیون ٹراٹسکی کا قتل کر دیا گیا تھا۔ سوویت ایجنٹ رامون مرکاڈر نے برف کی کلہاڑی سے ٹراٹسکی کے سر پر وار کیا تھا۔ وہ اگلے روز ہسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔ سوویت ایجنٹ کو 20 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

16 جون کی شام لیون ٹراٹسکی ہاؤس میوزیم کی جانب سے ہی ایک بیان میں اطلاع دی گئی کہ ایسٹیبان وولکوف فوت ہو گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ٹراٹسکی کے قتل کے بعد سے وولکوف نے اپنے نانا کے خیالات اور کیریئر کا دفاع کیا اور اسے اپنی زندگی کا سب سے اہم کام بنایا۔

وولکوف کو میکسیکو میں ٹراٹسکی کے قتل کے آخری زندہ گواہ کے طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔

’بی بی سی‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے اس دن کو یاد کیا، جب ان کے نانا کو قتل کیا گیا تھا۔ انہوں نے بیان کیا کہ انہوں نے سکول سے واپسی پر کویوکان محلے میں اپنے گھر کے باہر پولیس کی گاڑی کو دیکھا۔ اس کے بعد اپنے نانا کو فرش پر دیکھا، جو اسٹالنسٹ ایجنٹ رامون مرکاڈر کے ہاتھوں کلہاڑی کے حملے کے بعد خون آلود تھے۔

قتل کے بعد وولکوف میکسیکو میں ہی رہتے رہے، جہاں انہوں نے کیمسٹری کی تعلیم حاصل کی اور 1990ء میں اپنے نانا کے اعزاز میں میوزیم کی بنیاد رکھی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts