خبریں/تبصرے

عوامی احتجاج میں شرکت پر سرکاری معلم نوکری سے برطرف، ٹیچر آرگنائزیشن کی احتجاج کی دھمکی

راولاکوٹ (نامہ نگار) ناظم اعلیٰ تعلیمات ایلیمنٹری اینڈ سیکرٹری ایجوکیشن مردانہ نے ایک حکم کے تحت سرکاری معلم کو نوکری سے برطرف کر دیا ہے۔ حکم نامہ کے مطابق صہیب عارف ایلمنٹری مدرس بوائز مڈل سکول نامنوٹہ ضلع پونچھ سرکاری ملازم ہونے کے باوجود عوامی مظاہروں میں شریک ہو کر حکومت مخالف تقاریر کرنے اور عوام کو حکومت کے خلاف مشتعل کرنے کا مرتکب پایا گیا ہے۔ یہ اقدام گورنمنٹ سرونٹس کنڈیکٹ اور ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز کی خلاف ورزی ہے۔ حکم نامہ میں لکھا گیا ہے کہ دستاویز مواد کے ملاحظہ کے بعد عیاں ہوتا ہے کہ ملازم مذکور کی جانب سے مس کنڈکٹ اور بدعملی کا ارتکاب کیا گیا ہے، جس کیلئے مزید کسی انکوائری کی ضرورت نہ ہے۔ لہٰذا صہیب عارف کو ریموول فراہم سروس کی سزا عائد کی جاتی ہے۔

ٹیچرز آرگنائزیشن نے اس کارروائی کو یکطرفہ اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے احتجاج کی دھمکی دی ہے۔ صدر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن کی جانب سے ناظم اعلیٰ تعلیمات کو لکھے گئے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ملازم کو کسی بھی قسم کے الزام پر سماعت کا شفاف موقع دیئے بغیر ملازمت سے برطرف نہیں کیا جا سکتا۔ اس لئے اس غیر آئینی اقدام کو فی الفور منسوخ کرتے ہوئے مذکورہ مدرس پر عائد الزامات کی شفاف تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے اور مدرس کو ان الزامات کا بھرپور دفاع کرنے کا موقع دیا جائے۔ بصورت دیگر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن اس غیر آئینی اقدام پر بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

ادھر محکمہ تعلیم کے ضلعی افسران کی جانب سے سرکلرز جاری کرتے ہوئے تمام ملازمین کو احتجاج، سیاسی اجتماعات میں شریک ہونے یا سوشل میڈیا پر حمایت کرنے سے روک دیا ہے۔ سرکلرز میں لکھا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کسی بھی قسم کے سیاسی اجتماعات یا احتجاج کا حصہ نہ بنیں اور ساتھ سوشل میڈیاپر بھی ایسا کوئی مواد اپ لوڈ نہ کریں جو حکومت یا محکمہ کے خلاف ہو۔ ایسی تمام سرگرمیں سے اجتناب کیا جائے۔ ایسی سرگرمیں میں ملوث پائے جانے والے ملازم کے خلاف سروس رولز کے تحت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ جات کے سربراہان کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماتحت ملازمین کو ایسی سرگرمیوں میں شرکت نہ کرنے کا پابند کریں اور تعمیل نہ ہونے کی صورت میں تحت ضابطہ کارروائی کیلئے تحریک کریں۔

یاد رہے کہ ملازمت سے برطرف ہونے والے مدرس صہیب عارف عرف دانیال عارف این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر بھرتی ہوئے تھے۔ وہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق مرکزی عہدیدار رہے ہیں اور ٹیچرز آرگنائزیشن کی احتجاجی سرگرمیوں میں بھی اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ وہ نیشنل عوامی پارٹی کے سابق مرکزی صدر اور امیدوار قانون ساز اسمبلی سردار لیاقت حیات کے قریبی عزیز ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts