واشنگٹن (پ ر)ساؤتھ ایشیا سالیڈیرٹی نیٹ ورک امریکہ کے زیر اہتمام جموں کشمیر یکجہتی کانفرنس17اگست کو واشنگٹن میں منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کانفرنس میں امریکہ کی مختلف ریاستوں سے جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کے علاوہ پاکستان اور جنوب ایشیائی ملکوں کے نمائندگان شرکت کریں گے۔
’جموں کشمیر میں عوامی مزاحمتی تحریک: ایک مشعل راہ‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس سے ماروی سرمد(کنسلٹنگ ایڈیٹر نیو ویو گلوبل/انسانی حقوق کارکن)، سحر صبا(افغانستان کی خواتین کی انقلابی انجمن RAWAکی سابق ترجمان)، ڈاکٹر دانش خان(دانشور اور ماہر سیاسی معاشیات) سمیت دیگر ممتاز سیاسی و سماجی رہنماء خطاب کریں گے۔
یہ کانفرنس 17اگست کو دوپہر ایک بجے Fairfield Inn & Suites 6254 Duke St, Alexandria, VA 22312واشنگٹن ڈی سی میں منعقد کی جائے گی۔
کانفرنس کے منتظمین اور ساؤتھ ایشیا سالیڈیرٹی نیٹ ورک امریکہ کے کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اراکین زاہد بلوچ، نوید خان، سردار انور، سجاد اصغر، رضوان فاروق اور دیگر نے مشترکہ بیان میں امریکہ میں موجود تمام کشمیری کمیونٹی کے ساتھ ساتھ ساؤتھ ایشیائی ملکوں کے محنت کشوں اور سیاسی و سماجی کارکنوں سے اس کانفرنس میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
پریس کانفرنس میں انکا کہنا تھا کہ ساؤتھ ایشیا سالیڈیرٹی نیٹ ورک کا مقصد جنوبی ایشیا اور اس سے باہر جاری جدوجہد کے ساتھ یکجہتی پیدا کرنا ہے۔ باہمی تعاون، تجربات کے اشتراک اور ایک دوسرے سے سیکھ کر ایک یکجا کاوش کے ذریعے ہم ایک بہتر جنوبی ایشیا اور ایک بہتر دنیا کی جدوجہد کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔