فیصل آباد (پ ر)بابا لطیف انصاری (چیئرمین پاکستان لیبرقومی موومنٹ وصدر حقوق خلق پارٹی پنجاب)،پرویز اقبال بھٹی (سابقہ وائس چیئرمین)،طاہرہ انجم (سماجی رہنماء)،ربنواز وٹو (جنرل سیکرٹری پیسی سٹاف فیڈریشن پنجاب)، وسیم پہلوان (سابق اقلیتی چیئرمین)،سپر وائزر اور سینٹری ورکرز FWMC نے پریس کانفرنس کے ذریعے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایف ڈبلیو ایم سی) کے 1350ملازمین کو کیئر نامی نجی کمپنی کے ٹھیکیدار کے حوالے کرنے کے عمل کو مذمت کی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مستقل طور پر ہونے والے خدماتی کام کو کسی نجی کمپنی سے کروانے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ محکمہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے گریزاں ہے، جو قابل مذمت عمل ہے۔ حکومت پنجاب اس بات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صفائی ستھرائی کے خدماتی کام کو محکمہ کو خود سرانجام دینے کا پابند کرے۔
اگر صفائی ستھرائی کے خدماتی کام کو ہر ممکن طور پر کیئر نامی نجی کمپنی کے ٹھیکیدار سے کروانا ہی ہے تو پھر جس کمپنی کو کام کا ٹھیکہ دیا گیا ہے، اس کی کمپنی ایکٹ کے ساتھ ساتھ کمرشل کمپنی کے طور پر لیبر ڈیپارٹمنٹ سے رجسٹریشن لازمی قرار دی جائے۔ صفائی ستھرائی کے اس خدماتی کام کو سرانجام دینے والے ملازمین کو قانون کے مطابق حقوق و مراعات کی فراہمی لازمی قرار دی جائے۔
پریس کانفرنس میں انکا کہنا تھا کہ کیئر کمپنی کے ٹھیکیدار ڈاکٹر رائے قمر ہر ملازم کو قانون کے مطابق تقرر نامہ جاری کریں، چونکہ یہ تمام ملازمین ہنر مند ورکر کے طور پر کام کرتے ہیں۔ لہٰذا انہیں کم از کم تنخواہ42000روپے ادا کی جائے۔ سالانہ، اتفاقیہ اور میڈیکل چھٹیاں دی جائیں، ای او بی آئی اور پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی کے تحت تحفظ فراہم کیا جائے۔ کمپنی اپنی بچت میں سے ملازمین کو بونس کی ادائیگی لازمی کرے۔ تمام ملازمین کی گروپ انشورنس کروائی جائے، چونکہ یہ تمام ملازمین برسوں سے خدمات سرانجام دے رہے تھے، لہٰذا حکومت ملازمت کے اس دورانیہ کو پنشن سروس میں شمار کرے۔ بصورت دیگر انہیں گریجوئٹی ادا کی جائے۔
انکا کہنا تھا کہ عرصہ10 سے 15 سال سے ڈیوٹی کرنے والے سپر وائزر کو سابقہ پوسٹ پر بحال رکھا جائے۔
کم ازکم اجرت کے قانون 2023ء کے مطابق4ماہ کے بقایا جات،عید قربان پر کیے گئے کام کا معاوضہ،اسی طرح 2024کے 5 ماہ کے بقایا جات اور عید قربان پر کیے گئے اضافی کام کا معاوضہ FWMC انتظامیہ مسیحی ملازمین کو کرسمس سے پہلے ادا کرے۔
سموگ اور شدید دھند کے اس ماحول میں صبح سویرے اٹھ کر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول مہیا کرنے والے ملازمین کو ہیلتھ اینڈ سیفٹی کی سہولیات،سیفٹی آلات اور ماسک فراہم کیے جائیں۔
اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو حقوقِ خلق پارٹی،پاکستان لیبر قومی موومنٹ، ٹریڈ یونین ایکشن کمیٹی پنجاب، سپروائزر اینڈ سینٹری ورکرز ایکشن کمیٹی،سول سوسائٹی فیصل آباد کے ساتھ مل کر 23نومبر سے احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ پہلا بڑا احتجاجی جلسہ کرسچن ٹاؤن عید گاہ روڈ پر منعقد کیا جاے گا،جس میں سینٹری ورکرز اپنی فیملیز سمیت شرکت کریں گے۔ اگر مطالبات پورے نہ ہوے تو سڑکوں پر احتجاج کیا جائے گا۔ حقوق کی بات کرنے والے FWMCملازمین کے ساتھ انتقامی کاروائیاں کی گئیں تو کام چھوڑ ہڑتال اور قانونی فورم لیبر کورٹ نمبر 4اور ہائی کورٹ کا فورم استعمال کریں گے۔