شاعری

غزل

قیصر عباس

ساحل پہ اترنے کے اشارے نہیں ملتے
اک بار جو لوٹ آئیں، کنارے نہیں ملتے

ہم آ تو گئے چل کے سرِ کوئے شبستاں
وہ در، وہ دریچے، وہ منارے نہیں ملتے

وہ لُوٹ گئے نقدِ دل وجاں کے خزانے
بازار میں اب خواب ہمارے نہیں ملتے

ڈھونڈے سے نہ مل پائیں گہر حرفِ وفا کے
ان کہنہ جریدوں کے شمارے نہیں ملتے

شوریدہ صداؤں کے تعاقب میں صبح و شام
اے راحت ِجاں، دل کے سہارے نہیں ملتے

اب خشک زمینوں پہ اگائے گا شجر کون
اس گاؤں سے دریاؤں کے دھارے نہیں ملتے

اک خاک سی اڑتی ہے ہراک موڑ پہ قیصر
اس دور کے منظر میں نظارے نہیں ملتے

Qaisar Abbas
+ posts

ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔