شاعری

سیاسی رہنماؤں کے نام

قیصرعباس

ایک جلسے کے بعد جس میں کئی سیاسی کارکن مارے گئے

کہکشاں پر سوار آیا ہے
رقصِ بسمل کا اہتمام کرو
مرمٹیں گے تمہارے دیوانے
اک تبسم برائے نام کرو

میرے کھنڈرات پر کھڑے ہوکر
تحتِ طاؤس کو سلام کرو
ناظمِ شہر ہو تو یوں ہی سہی
درد بانٹو دکھوں کو عام کرو

خون آشام ہے یہ شام تو کیا
تم نیا جشن صبح و شام کرو
ہار بیٹھے جو نقدِ جاں قیصرؔ
آج کی شب انہی کے نام کرو

Qaisar Abbas
+ posts

ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔