طنز و مزاح

عیدالفطر: ترکی میں لاک ڈاؤن، مصر اور سعودی عرب میں کرفیو، پاکستان اچ موجاں ای موجاں

فاروق سلہریا

پاکستانی اہلِ ایمان کے محبوب رہنما، ارطغرل ثانی، رجب طیب اردگان نے گذشتہ روز کابینہ کے اجلاس کے بعد ترکی میں عید کے موقع پر سخت لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔

یہ لاک ڈاؤن 23 مئی کو شروع ہو گا اور چار دن تک جاری رہے گا۔ یاد رہے، ترکی اس وقت مشرق ِوسطیٰ میں کرونا وبا کا ایپی سنٹر یعنی گڑھ بنا ہوا ہے۔ یہاں کرونا مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ دوسرا نمبر ایران کا ہے۔ دونوں ممالک میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

دنیا میں اسلامی بنیاد پرستی کے ایپی سنٹر یعنی سعودی عرب میں تو عید کے موقع پر چار روزہ کرفیو کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کرفیو کی خلاف ورزی پر ہاتھ قلم کئے جائیں گے یا پاؤں، میڈیا نے یہ رپورٹس تو نہیں دیں مگر ولی عہد محمد بن سلطان کے حکم کی خلاف ورزی کرنے کی جرات کوئی سعودی تو نہیں کرنے لگا۔

اسی طرح مصر نے بھی 23 مئی سے چار روزہ لاک ڈاؤن کے علاوہ چھ روز تک ٹریفک بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ہم ترکی، مصر اور سعودی عرب کی شدید مذمت کرتے ہیں جنہوں نے ان ملکوں میں رہنے والے مسلمانوں کی عید کی خوشیوں پر لات مار دی۔ سب سے شرمناک حرکت اردگان نے کی۔ یہ ڈرامے باز ٹیلی سیریل توارطغرل کے بارے میں بنواتا ہے مگر ہمت کرونا سے لڑنے کی بھی نہیں۔

ایسے میں ہمیں پاکستانی حکومت کا شکر یہ ادا کرنا چاہئے جس نے کرونا کو بھی کھلی چھٹی دے رکھی ہے اور لوگوں کو بھی۔ پہلے پاکستان کے شہری عید منائیں گے۔ بعد میں کرونا عید منائے گا۔

Farooq Sulehria
+ posts

فاروق سلہریا روزنامہ جدوجہد کے شریک مدیر ہیں۔ گذشتہ پچیس سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں۔ ماضی میں روزنامہ دی نیوز، دی نیشن، دی فرنٹئیر پوسٹ اور روزنامہ پاکستان میں کام کرنے کے علاوہ ہفت روزہ مزدور جدوجہد اور ویو پوائنٹ (آن لائن) کے مدیر بھی رہ چکے ہیں۔ اس وقت وہ بیکن ہاوس نیشنل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔