لاہور (جدوجہد رپورٹ) امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں مساج پارلروں پر فائرنگ کے 3 مختلف واقعات میں 6 ایشیائی خواتین سمیت کم از کم 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فائرنگ کے الزام میں 21 سالہ سفید فام نوجوان کو حراست میں لیا گیا ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ اس نے ہی تمام افراد کو قتل کیا۔
پولیس کے مطابق اٹلانٹا کے نواحی علاقے ایکورتھ میں مساج پارلر پر حملے میں 4 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دیگر 4 ہلاکتیں 2 مساج سنٹروں میں ہوئی ہیں۔ فائرنگ کا پہلا واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے پیش آیا۔ فائرنگ کی زد میں آنے والے 2 افراد موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ 3 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 مزید ہلاکتیں ہو گئیں۔ مرنے والوں میں دو ایشیائی خواتین اور 1 سفید فام مرد اور عورت شامل تھے۔ ایک ہسپانوی شخص واقعے میں زخمی ہوا۔
شام 5 بجے کے قریب شمال مشرقی اٹلانٹا میں فائرنگ کے واقعے میں 3 خواتین کو ہلاک کیا گیا۔ ایک اور واقعے میں 1 خاتون کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والی تمام خواتین ایشیائی نژاد تھیں۔
امریکہ میں حالیہ دنوں میں ایشیائی نژاد افراد کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ اس نفرت کی بڑی وجہ کورونا وائرس پھیلانے میں ایشیائی نژاد باشندوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کی افواہوں کی گردش قرار دی جا رہی ہے۔ تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزم ہی تینوں حملوں میں ملوث تھا۔ تاہم انہوں نے نسل کی بنا پر خواتین کو نشانہ بنانے کی تصدیق نہیں کی اور نہ ہی حملے کے پیچھے کوئی اور وجہ بتائی گئی ہے۔