خبریں/تبصرے

جگنو محسن پر حملہ کرنیوالوں کو فوری قانون کے کٹہرے میں لایا جائے: ایچ آر سی پی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) انسانی حقوق کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی) نے صحافی و مصنف جگنو محسن پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مجرموں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایچ آر سی پی کے آفیشل ٹویٹرہینڈل سے کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا کہ ”ایچ آر سی پی صحافی اور مصنف جگنو محسن پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ شکر ہے وہ محفوظ ہیں، مجرموں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔“

جگنو محسن معروف صحافی اور اینکر پرسن نجم سیٹھی کی اہلیہ بھی ہیں اور وہ اوکاڑہ کے علاقے سے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والی پنجاب اسمبلی کی رکن بھی ہیں۔ وہ قافلے کے ہمراہ جلسے میں شرکت کیلئے جھجھ کلاں جا رہی تھیں کہ حجرہ موڑ کے قریب ان کے قافلے پر حملہ کیا گیا۔ تاہم جگنو محسن اور قافلے میں شامل دیگر افراد اس حملے میں محفوظ رہے۔

واقعے کامقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں یاسین نامی شخص اور 6 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے گولی چلائی، لاٹھیاں مار کر گاڑی کا شیشہ توڑ دیا گیا۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے سوشل میڈیا پر دھمکیاں بھی دے رکھی تھیں کہ اگر وہ اس علاقے میں آئے تو انہیں جان سے مار دیا جائے گا۔

دوسری جانب پولیس نے کارروائی کر کے دو ملزمان مختار اور سلطان کو گرفتار کر لیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts