خبریں/تبصرے

35 پاکستانی یوٹیوب چینل، 2 ویب سائٹس پر بھارت میں پابندی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) بھارت نے 35 پاکستانی یو ٹیوب چینلوں اور 2 ویب سائٹوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بھارتی حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ میڈیا چینل بھارت مخالف پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ویب سائٹوں اور چینلوں کے کل 120 ملین سبسکرائبرز ہیں اور وہ سابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے بارے میں جعلی خبریں چلا رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاک کئے گئے چینل، ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو پاکستان نے بھارت سے متعلق حساس موضوعات سے متعلق بھارت مخالف خبریں پھیلانے کیلئے استعمال کیا۔

بیان کے مطابق یہ چینل 5 بھارتی ریاستوں میں آئندہ انتخابات کے جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کیلئے مواد بھی پوسٹ کر رہے ہیں۔

بیان کے مطابق ان یوٹیوب چینلوں میں سے کچھ چینل پاکستانی ٹی وی چینلوں کے اینکر چلا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ 2 سال قبل یورپی تحقیقاتی ادارے کی تحقیقات میں بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف پروپیگنڈہ کرنے والے ایک بڑے میڈیا گروپ کو بے نقاب کیا گیا تھا۔ مذکورہ گروپ بھارت کی سرکاری نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ کی سرپرستی میں چلایا جا رہا تھا۔ سری واستو گروپ کے زیر سایہ چلنے والے اس آپریشن کا مقصد پاکستان اور چین سمیت بھارت کے ساتھ تنازعہ رکھنے والے دیگر ملکوں کے خلاف جعلی خبریں پھیلانا قرار دیا گیا تھا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts