خبریں/تبصرے

سپریم کورٹ میں درخواست کے بعد علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری

لاہور (جدوجہد رپورٹ) سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواست سماعت کیلئے مقرر کئے جانے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے ہیں۔ علی وزیر اب رواں اسمبلی سیشن میں شرکت کر کے تحریک عدم اعتماد پر اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے۔

قبل ازیں جمعرات کے روز سندھ حکومت نے پیرول پر علی وزیر کو رہا کیا تھا، تاہم انہیں وفاقی حکام نے کراچی ایئر پورٹ سے اسلام آباد سفر کرنے سے روک کر واپس جیل بھیج دیا تھا۔

جمعرات کے روز بھی قومی اسمبلی کے سیشن میں محسن داوڑ نے علی وزیر کی خالی نشست پر ان کی تصویر رکھ کر پروڈکشن آرڈر جاری نہ کئے جانے کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔

نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) کے رہنما اور رکن اسمبلی محسن داوڑ کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار شہباز کھوسہ نے جمعہ کے روز علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کئے جانے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ درخواست پر جمعہ کے روز ہی سماعت کی استدعا بھی کی گئی تھی۔

سپریم کورٹ میں درخواست سماعت کیلئے مقرر کئے جانے کے فوری بعد سپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی کے جاری سیشن میں شرکت کیلئے علی وزیر کا پروڈکشن آرڈر جاری کر دیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts