خبریں/تبصرے

یوکرینی صدر کی مزید امداد کی مانگ پر بائیڈن خفا ہو گئے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) امریکی صدر جو بائیڈن فون کال پر یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے گفتگو کے دوران اپنا آپا کھو بیٹھے اور غصے میں یوکرینی صدر پر چلائے۔

’ٹربیون‘ کے مطابق ’این بی سی نیوز‘ نے پیر کے روز یہ دعویٰ کیا کہ امریکی صدر نے صدر زیلنسکی کو مزید امداد کی مانگ کرنے پر ڈانٹ پلادی۔ رپورٹ کے مطابق سخت الفاظ کا تبادلہ مبینہ طور پر15جون کو اس وقت ہوا جب بائیڈن نے زیلنسکی کو یہ خبر نشر کرنے کیلئے فون کیا کہ انہوں نے ملک کیلئے دفاعی اور انسانی بنیادوں پر ایک ارب ڈالر کی امداد حاصل کی ہے۔

تاہم زیلنسکی نے مبینہ طور پر شکریہ ادا کرنے کی بجائے اپنے ملک کو درکار مزید چیزوں کی فہرست بنانا شروع کر دی۔ اس کے بعد بائیڈن نے اپنی آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ امریکی عوام پہلے ہی بہت فراخ دل ہیں۔

بعد ازاں یوکرینی صدر نے جلد ہی ایک ویڈیو بیانجاری کر کے امریکی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کے اہلکاروں نے مبینہ طور پر ان دعوؤں سے اتفاق نہیں کیا۔

رپورٹ کے مطابق اس تلخی کے بعد دونوں ہم منصبوں کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور انہوں نے یوکرین کے لئے اربوں ڈالر کی اضافی فنڈنگ حاصل کی ہے۔

یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب بائیڈن کو یوکرین کو امداد فراہم کرنے کے حوالے سے کچھ ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کی مزاحمت کا سامنا ہے۔ امریکی صدرجنگ سے تباہ حال ملک کیلئے ایک اور پیکیج کی تلاش میں ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts