خبریں/تبصرے

آصف جاوید کو انصاف دلوانے کے لیے تحریک چلانے کا اعلان

لاہور(پ ر)لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں احتجاجاً خود کو آگ لگانے والے مزدور رہنما آصف جاوید کی فیملی کو انصاف دلوانے کے لیے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں آل پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن،حقوق خلق پارٹی اور مزدور کسان پارٹی نے آصف مرحوم کی فیملی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس میں روبینہ جمیل، بیوہ آصف جاوید، والد آصف اور بھائی کے علاوہ مزمل کاکڑ، عمار علی جان، ناصر گلزار چوہدری،بابا لطیف انصافی، خورشید احمد، ڈاکٹر تیمور رحمان اور دیگر بھی موجود تھے۔

روبینہ جمیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیسلے انتظامیہ کے مزدور دشمن اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور آصف جاوید کی وفات پر رنجیدہ ہیں۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب، چیف جسٹس پاکستان سے اس واقعے کا نوٹس لینے اور فوری شفاف انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ متاثرہ فیملی کو معاوضۃ دیا جائے اور فیکٹری انتظامیہ کی غنڈہ گردی کا سد باب کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیسلے کے ظلم کا شکار دیگر مزدوروں کو بھی فوری انصاف فراہم کیا جائے، جنہیں غیر قانونی طور پر فارغ کیا گیا اور ان کے عدالتوں میں آج تک کیس چل رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ہم نیسلے کو خطوط لکھیں گے اور آصف جاوید کی فیملی کو انصاف دلوانے کے لیے عید کے بعد تحریک چلائیں گے۔ ہم دیگر مزدور تنظیموں کو بھی اس ظلم کے خلاف ہم آواز ہونے کی دعوت دیتے ہیں، جنہیں چند روز میں مشترکہ جدوجہد کے لیے اجلاس میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت دی جائے گی۔

ڈاکٹر عمار علی جان کا کہنا تھا کہ نیسلے جیسے طاقتور اداروں کے سامنے صحافی بھی بے بس ہیں، وہ خبر نہیں لگا سکتیں گے، لیکن پھر بھی ہم درخواست کرتے ہیں کہ اپنے یوٹیوب اور سوشل میڈیا کے دیگر ذرائع کے ذریعے اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں تاکہ متاثرہ فیملی کو انصاف مل سکے۔ انکا کہنا تھا کہ نیسلے کی تاریخ عالمی طور پر ہی ظلم و بربریت کی تاریخ ہے۔ حد یہ ہے کہ میڈیا میں اداروں کے خلاف بھی بول سکتے ہیں مگر ان کمپنیوں کے خلاف کوئی آواز نہیں اٹھا سکتے۔

ڈاکٹر تیمور رحمان کا کہنا تھا کہ اس ملک کی ترقی اور پیداوار میں محنت کش طبقے، مزدوروں اور کسانوں کا خون پسینہ شامل ہے، مگر انہی مزدوروں اور کسانوں کو خون کے آنسو پیتے ہوئے زندگی گزارنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ اگر وہ منظم ہونے کی کوشش کریں تو ان پر مظالم کی انتہاء کر دی جاتی ہے، انہیں نشان عبرت بنایا جاتا ہے، تاکہ ظلم اور استحصال کے نظام کو کوئی چیلنج نہ کر سکے۔ یہ ظلم کا نظام ایک دن مٹ کر رہے گا۔ آصف جاوید نے سوئی ہوئی قوم کو جگانے کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم آصف کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہم انہیں ہر لحاظ سے سپورٹ کریں گے اور نیسلے انتظامیہ اور اس استحصالی نظام کو ایک دن ضرور شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ملٹی نیشنل کمپنیاں منافعوں کی حوس میں کروڑوں مزدوروں کی زندگیوں سے کھیلتی ہیں۔ ان کے خلاف متحدہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔

پریس کانفرنس سے خورشید احمد، بابا لطیف انصاری نے بھی خطاب کیا۔ حقوق خلق پارٹی، آل پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن، مزدور کسان پارٹی سمیت پنجاب رکشہ یونین کے ساتھ بھی عامر یوسف کی قیادت میں شریک ہوئے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts