خبریں/تبصرے

جے کے این ایس ایف: نوجوانوں کی انقلابی روایت کی جنرل کونسل کا انتخابی عمل شروع

راولاکوٹ (جدوجہد رپورٹ) نوجوانوں اور طالبعلموں کی انقلابی روایت جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے جنرل کونسل کے انتخابات کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ضلع پونچھ کی لائن آف کنٹرول پر واقع تحصیل ہجیرہ کے ڈگری کالج میں تنظیم سازی کیلئے انتخابی مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ کالج کی تنظیم کی 50 رکنی جنرل کونسل نے مرکزی جنرل کونسل کے اراکین کے انتخاب کیلئے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ نتائج کے مطابق کامریڈ منصور مجید 33 ووٹ لیکرڈگری کالج ہجیرہ کے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں، ان کے مد مقابل کامریڈ سیف اللہ نے 17 ووٹ حاصل کئے۔ انتخابات کیلئے الیکشن کمشنر کے فرائض مرکزی ایڈیٹر عزم التمش تصدق نے سر انجام دیئے جبکہ ضلعی چیئرمین سبحان عبدالمالک معاون الیکشن کمشنر تھے۔

نو منتخب چیئرمین نے مشاورت سے دیگر عہدیداران کو نامزد کیا جن کا اعلان چیئرمین جامعہ پونچھ مجیب الرحمان نے کیا اور ضلعی چیئرمین سبحان عبدالمالک نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

نو منتخب کابینہ میں منصور مجید چیئرمین، سیف اللہ جنرل سکرٹری، احتشام یعقوب سینئر وائس چیئرمین، انوارالحق وائس چیئرمین، سعد آرگنائزر، مبشر شفیق سیکرٹری مالیات، مجتبیٰ سلطانی ڈپٹی سیکرٹری مالیات، ثمر فیضی سیکرٹری سٹڈی سرکل، اسرار محبوب ڈپٹی سیکرٹری سٹڈی سرکل، عدنان وحید سیکرٹری اطلاعات، احسن اختر سیکرٹری نشرواشاعت شامل ہیں۔

ڈگری کالج ہجیرہ میں جے کے این ایس ایف کی تنظیم سازی کے موقع پر بارش اور سردی کے باوجود بڑی تعداد میں این ایس ایف کے کارکنان اور ووٹرز نے شرکت کی۔ تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی چیئرمین سبحان عبدالمالک، نومنتخب چیئرمین ڈگری کالج منصور مجید، ایڈیٹر عزم التمش تصدق، چیئرمین جامعہ پونچھ مجیب الرحمان، نومنتخب جنرل سیکرٹری سیف اللہ، مرکزی ڈپٹی چیئرمین مالیاتی بورڈ ارسلان شانی اور دیگر مقررین نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نومنتخب کابینہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کو مضبوط اور منظم کرتے ہوئے جدید سائنسی سوشلزم کے نظریات کو ہر طالب علم تک لے جائیں گے اور طلبہ حقوق کی جدو جہد اور طلبہ یونین کی بحالی سمیت اس خطے سے غلامی، استحصال اور سماجی تفریق کے خاتمے تک نا قابل مصالحت جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کا طبقاتی نظام تعلیم سمیت طبقاتی نظام اور قومی آزادی کی جد وجہد میں طلبہ اور محنت کشوں کے ہر اؤل دستے کا کردار رہا ہے اور مستقبل میں سائنسی بنیادوں پر جدوجہد کو منظم کرتے ہوئے ہر قسم کے ظلم، جبر اور استحصال کے خلاف ناقابل مصالحت جدوجہد جاری رہے گی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts