قیصر عباس
سورج دیوتا
سنگھاسن سے اترا
رات کی دیوی نے
دھرتی پر
سیاہ چادر پھیلائی
تو سارے شہ سوار
باگوں کا رخ
نئی راہوں کی اور
موڑ چکے تھے
اور بوڑھا سردار
تن تنہا
انا کی اونچی چٹان
کے سائے میں
اقتدار کی جلتی چتا پر
کھڑا
آبدیدہ تھا
انا کی اونچی چٹان
سے گرتے ہوئے
سنگ ریزوں
کی آوازیں
اب اور قریب
آ رہی تھیں
اور قبیلہ
جبر و اختیار کے
ایک نئے موسم کا
منتظر تھا!
Qaisar Abbas
ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔