خبریں/تبصرے

محنت کش خواتین کو چھٹی نہیں: کراچی میں عورت مارچ 12 مارچ کو ہو گا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) محنت کش خواتین کے عالمی دن کے موقع پر محنت کش خواتین کیلئے سندھ میں تعطیل نہیں ہو گی، اس لئے ’عورت مارچ‘ چار دن تاخیر سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عورت مارچ کے منتظمین کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ رواں سال 8 مارچ کو بدھ ہے، اس لئے عورت مارچ کراچی نے مزدور طبقے کی خواتین کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے مارچ کو ری شیڈول کرنے اور 12 مارچ بروز اتوار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ محنت کش خواتین اپنی اجرت اور ملازمت کھونے کے خوف کے بغیر مارچ میں شرکت کر سکیں۔

منگل کو انہوں نے انسٹا گرام پر اعلان کیا کہ ’عورت مارچ کراچی اس سال 12 مارچ 2023ء کو منعقد کیا جائے گا۔ ہم حیدرآباد، لاہور، اسلام آباد اور ملتان میں 8 مارچ کو ہونے والے عورت مارچ کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

منتظمین نے بتایا کہ ’خواتین اس سال بھوک کے خاتمے، سماجی تحفظ، اجرتوں میں اضافے، جبری مزدوری کے خاتمہ، سیلاب متاثرین کی بحالی، ہجومی تشدد کے خاتمے، گھریلو تشددکے خاتمے، ٹرانس جینڈر پرسن پروٹیکشن ایکٹ 2018ء کیلئے اور مذہب کی جبری تبدیلی کے خلاف مارچ کریں گی۔‘

انہوں نے بتایا کہ 8 مارچ کو ویک ڈے ہونے کی وجہ سے ہم نے اتوار 12 مارچ کو کراچی میں عورت مارچ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ ہم جن محنت کش طبقے کی خواتین کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں، انہیں ایک دن کی اجرت کھونے کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عورت مارچ اب 12 مارچ کو اپنی پوری توانائی کے ساتھ منعقد کیا جائے گا۔‘

Roznama Jeddojehad
+ posts