خبریں/تبصرے

پاک فوج نے پنجاب سے 45 ہزار ایکڑ اراضی کارپوریٹ فارمنگ کیلئے الاٹ کروا لی

لاہور(جدوجہد رپورٹ)پاکستان کے صوبہ پنجاب کی نگرانی حکومت نے تین اضلاع بھکر، خوشاب اور ساہیوال کے مختلف مقامات سے 45 ہزار 267 ایکڑ اراضی ’کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ‘ کیلئے پاک فوج کے حوالے کرنے کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

ایک دستاویز منظر عام پر آئی ہے، جس میں لکھا ہے کہ ملٹری لینڈ ڈائریکٹوریٹ نے پنجاب کے چیف سیکرٹری، بورڈ آف ریونیو اور زراعت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور آبپاشی کے محکموں کے سیکرٹریز کو بھکر کی تحصیل کلورکوٹ اور منکیرہ میں 42 ہزار 724 ایکڑ، خوشاب کی تحصیل قائد آباد اور خوشاب میں 1818 ایکڑ اور ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی میں 725 ایکڑ اراضی حوالے کرنے کیلئے خط لکھا تھا۔

خط میں پنجاب حکومت کے 20 فروری 2023ء کے نوٹیفکیشن اور 8 مارچ کے جوائنٹ ونچر معاہدے کا حوالے دیا گیا ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ 8 مارچ کو جوائنٹ ونچر مینجمنٹ معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا تھا کہ ریاستی زمینوں کی اس منصوبہ کیلئے فوری ضرورت ہے اور اسے پاک فوج کے حوالے کیا جائے۔

’ڈان‘ کے ذرائع کے مطابق جوائنٹ ونچر پر فوج، پنجاب حکومت اور کارپوریٹ فارمنگ پر کام کرنے والی نجی فرموں کے درمیان دستخط کئے گئے ہیں۔

مجوزہ منصوبے کی نمایاں خصوصیات کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ پنجاب حکومت زمین فراہم کرے گی، جبکہ فوج اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے منصوبے کا انتظام اپنے پاس رکھے گی، اس کے علاوہ نجی شعبہ سرمایہ کاری کرنے کے علاوہ کھاد اور معاونت فراہم کرے گا۔

تاہم عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج اس زمین کی ملکیت نہیں لے رہی، بلکہ یہ پنجاب حکومت کی زیر ملکیت رہے گی۔ فوج ایک مربوط انتظامی ڈھانچہ فراہم کرے گی۔ ان کے مطابق یہ زمین زیادہ تر بنجر ہے اور یہاں پر کاشت کم ہوتی ہے یا ہوتی ہی نہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ متعلقہ سٹیک ہولڈرز، بشمول جوائنٹ ونچر پارٹنرز اور مقامی افراد کی مدد سے فوج اسے زرخیز زمین میں بدل دے گی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts