لاہور (جدوجہد رپورٹ) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہفتہ کو مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور امیگریشن کے مسودہ بل کے خلاف احتجاج کیا۔ ’ٹربیون‘ کے مطابق دارالحکومت اور مختلف شہروں میں اس بل کے خلاف مظاہرے کئے گئے ہیں، جو ملک بدری کے حکم کے ساتھ تارکین وطن کیلئے ملک بدری کی راہ ہموار کرنے کی اجازت دے گا۔
ڈی لاریپبلک سے شروع ہونے والا یہ احتجاج دارالحکومت کے 5 ویں بندوبست میں ختم ہوا۔ جنرل کنفیڈریشن آف لیبر (سی جی ٹی) ٹریڈ یونین کے اراکین اور بہت سے نوجوانوں سے اس احتجاج میں شرکت کی۔
امیگریشن بل کو ترک کرنے کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین نے نسل پرستی کے خلاف بھی احتجاج کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر دستاویزی تارکین وطن کو سرکاری دستاویزات فراہم کی جائیں، تاکہ وہ فرانس میں قانونی طور پر رہائش اختیار کر سکیں۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بدھ کے روز فرانسیسی ٹی وی کو دیئے گئے ایک بیان میں کہا کہ غیر قانونی نقل مکانی سے متعلق بل کو مختلف بلوں میں تقسیم کیا جائے گا اور آنے والے ہفتوں میں اس پر پارلیمنٹ میں بحث کی جائے گی۔