قیصر عباس
مہکتی رتوں کے گلاب اپنے اپنے
گئے موسموں کے حساب اپنے اپنے
ہے پیشِ نظر آئینہ زندگی کا
سوال اپنے اپنے، جواب اپنے اپنے
گرجتے سمندر، چہکتے پرندے
دھنیں سب اسی کی، رُباب اپنے اپنے
گزرتی ہواؤں کے سب گیت سانجھے
نئی بارشوں کے سحاب اپنے اپنے
قلم بھی تمہارے، کتا بیں تمہاری
دلوں پر لکھے سب نصاب اپنے اپنے
فضیلت کی سب داستانیں تمہاری
ہمارے گناہ و ثواب اپنے اپنے
جزا ا پنی اپنی، سزا اپنی اپنی
غبار اپنے اپنے، سراب اپنے اپنے
Qaisar Abbas
ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔