پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین، جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن، ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ اور پیپلز ریولوشنری فرنٹ کے زیر اہتمام غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف لاہور میں احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
اتوار کی شام یہ احتجاجی ریلی ملک کی بڑی سوشلسٹ تنظیم ’طبقاتی جدوجہد‘ کی 41ویں سالانہ کانگریس کے اختتام پر منعقد کی گئی تھی۔ ایوان اقبال ہال میں منعقدہ دو روزہ کانگریس میں پاکستان کے چاروں صوبوں اور زیر انتظام جموں کشمیر و گلگت بلتستان سے سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ کانگریس میں انٹرنیشنل سوشلسٹ لیگ کے رہنما خصوصی طور پر شرکت کےلئے ارجنٹینا سے آئے تھے۔
کانگریس کے اختتام پر ایوان اقبال سے چیئرنگ کراس تک احتجاجی ریلی منعقد کی گئی۔ جس میں سینکڑوں افراد شریک تھے۔
شرکا ریلی متحدہ، آزاد اور سوشلسٹ فلسطین کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ شرکا ریلی نے فلسطین پر جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی اور فلسطینیوں کا قتل عام فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔