لاہور (جدوجہد رپورٹ) میکسیکو کے صدر آندرس اوبرادور نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت نے سیاسی بنیادوں پر ہونے والی بد عنوانی پر قابو پا کر 26 ارب ڈالر بچائے ہیں۔
بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے میکسیکو کے صدر آندرس اوبرادور دو سال قبل اقتدار میں آئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرپشن پر قابو پانے کی وجہ سے جو فائدہ حکومت کو پہنچا اس کی وجہ سے وہ کرونا کی وبا پر مناسب طریقے سے رقم خرچ کر سکے۔
کہا جا رہا ہے کہ اسی وجہ سے، کرونا کے باوجود صدر اوبرادور کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ تازہ جائزوں کے مطابق ان کی مقبولیت 45 فیصد سے بڑھ کر 65 فیصد پر چلی گئی ہے۔ کرونا بحران کے دوران حکومت نے اعلیٰ سرکاری عہدیداروں، بشمول صدر، کی تنخواہیں کم کر دیں۔ اس اقدام کو بھی ملک میں پسندیدگی کی نظر سے دیکھا گیا ہے۔