خبریں/تبصرے

فلسطین کیلئے یورپی امداد اضافے کے بعد 42 ملین ڈالر تک پہنچ گئی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) یورپی یونین نے اعلان کیا ہے کہ فلسطین میں انسانی ہمدردی کے تحت کی جانیوالی امداد رواں سال 9.7 ملین ڈالر کے اضافے کے بعد 42 ملین ڈالر تک پہنچ جائیگی۔

ٹیلی سور کے مطابق اس اضافی رقم سے غزہ میں لوگوں کی مدد کی جائیگی جو گزشتہ ایک ماہ کے دوران اسرائیلی جارحیت کا براہ راست شکار ہوئے۔

یورپی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ”انسانی ہمدردی کے تحت مدد سے سب سے کمزور فلسطینیوں کی حفاظت، زندگی بچانے والی امداد فراہم کرنے اور انسانی وقار کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ بے گناہ متاثرین کی مشکلات کے خاتمے کیلئے فوری طور پر انسانی ہمدردی کا حصول ناگزیر ہے۔ اس حالیہ تنازعے میں ضائع ہونیوالی بہت ساری انسانی زندگیاں واپس نہیں لائی جا سکتیں، ہم غزہ میں 11 بچوں سمیت متعدد بچوں کی ہلاکت سے پریشان ہیں۔“

عہدیداروں کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اس وقت فلسطینی آبادی کو سماجی تحفظ کے پروگرام، طبی دیکھ بھال، تعلیم، صاف پانی تک رسائی اور نقد امداد کی مدد کر رہا ہے۔

یورپی یونین بین الاقوامی انسانی قانون کے احترام پر زور دیتا ہے۔ وہ یہ قبول نہیں کر سکتا ہے کہ شہری زبردستی بے گھر ہو ئے اور ان کے گھر اور سکول مسمار کر دیئے گئے ہیں۔

2021ء کے اضافی فنڈز کا ایک حصہ فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو غزہ کی پٹی، مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں ہنگامی طبی خدمات فراہم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ یوروپی وسائل بھی مصر میں فلسطینی مہاجرین کی مدد کے لئے استعمال ہوں گے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts