خبریں/تبصرے

برطانیہ میں شوکت خانم کیلئے چندہ جمع کریں، انعام میں پائیں کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشست

راولاکوٹ (حارث قدیر) پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں 8 مخصوص نشستوں پر انتخاب 2 اگست کو ہو گا۔ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے آخری روز جمعرات کو تحریک انصاف کی جانب سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر چوہدری رفیق نیئر، علما مشائخ کی نشست کیلئے مظہر سعید شاہ، اورسیز کشمیریوں کی نشست کیلئے چوہدری محمد اقبال نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

خواتین کی 5 نشستوں پر انتخاب کیلئے تحریک انصاف کی جانب سے 4 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ بیگم امتیاز نسیم، صبیحہ صدیق، تقدیس کوثر گیلانی اور امبرین ترک تحریک انصاف کی جانب سے خواتین کی نشستوں پر امیدوار ہونگی۔

تحریک انصاف کی جانب سے ’اوورسیز کشمیریوں‘ کیلئے مختص مخصوص نشست پر چوہدری محمد اقبال کے کاغذات جمع کروائے گئے ہیں۔ برطانیہ کے شہر سٹوک ان ٹرینٹ کے ملٹی ملینئر بزنس مین چوہدری محمد اقبال کا تعلق پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے ضلع میر پور، تحصیل چکسواری کے گاؤں کنیلی سے ہے۔

چوہدری محمد اقبال عمران خان کے کینسر ہسپتال ’شوکت خانم‘ کیلئے چندہ جمع کرنے والے ٹیم کے رکن اور بڑے چندہ دہندگان میں شامل ہیں۔ اسی وجہ سے انہیں اوورسیز کشمیریوں کی نمائندگی کا اہل سمجھا گیا ہے۔

صحافی امیر الدین مغل نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے مرتب کی جانیوالی ووٹر فہرستوں میں چوہدری اقبال کا نام شامل نہیں تھا۔ نہ ہی انہوں نے کبھی اس خطے میں ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا ہے۔ تاہم عام انتخابات سے 3 روز بعد 28 جولائی کو خصوصی طو ر پر انکا نام ووٹر فہرست میں شامل کروایا گیا اور اگلے ہی روز جمعرات کو انہوں نے اوورسیز کشمیریوں کیلئے مختص نشست کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔

واضح رہے کہ علما مشائخ کیلئے نامزد کردہ امیدوار ماضی میں طالبان کے ساتھی اور کالعدم تنظیموں کے رکن رہ چکے ہیں۔

دوسری طرف پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے علما مشائخ کی نشست کیلئے حافظ طارق محمود اور فضل رسول طاہر کے کاغذات جمع کروائے گئے ہیں، ٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئے ذوالفقار علی اور محبوب خان نے کاغذات جمع کروائے ہیں، جبکہ خواتین کی نشستوں کیلئے نبیلہ ایوب، شازیہ اکبر، شگفتہ نورین، صدف شیخ اور شاہین کوثر ڈار نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts