خبریں/تبصرے

پاکستان کی جانب سے امریکہ کو فضائی حدود تک رسائی بدستور حاصل ہے: پینٹاگون

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پینٹاگون کے ایک سینئر عہدیدار نے امریکی کانگریس کو آغاہ کیا ہے کہ پاکستان نے امریکہ کو اپنی فضائی حدود تک رسائی بدستور فراہم کر رکھی ہے اور دونوں فریقین یہ سلسلہ مزید جاری رکھے جانے پر بات چیت بھی کر رہے ہیں۔

’ڈان‘ کے مطابق امریکی انڈر سیکرٹری برائے دفاعی پالیسی کولن کاہل نے سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو یہ معلومات افغانستان، جنوبی اور وسطی ایشیائی خطوں میں سلامتی سے متعلق سماعت کے دوران چیئرمین کمیٹی سینیٹر جیک ریڈ کے سوال کے جواب میں شیئر کی ہیں۔

چیئرمین نے انہیں پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے اس تعاون سے متعلق معاہدے پرمعلومات فراہم کرنے کا کہا تھا۔

چیئرمین کمیٹی نے میڈیا رپورٹس کبھی بھی حوالہ دیا جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان داعش کے خلاف کارروائی کیلئے طالبان کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

پینٹاگون عہدیدار کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایک چیلنجنگ کردار ہے، تاہم وہ افغان سرزمین کو نہ صرف اپنے بلکہ دیگر ممالک کے خلاف بھی دہشتگردی کیلئے محفوظ ٹھکانے کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ہمیں اپنی فضائی حدود تک رسائی جاری رکھی ہوئی ہے اور ہم یہ رسائی کھلی رکھنے کیلئے ان سے بات چیت کر رہے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts