خبریں/تبصرے

فرنچ سفیر کو نہیں نکالیں گے: ’نمبر ون‘ کی یورپی یونین کو یقین دہانی

لاہور (جدوجہد مانیٹرنگ) دی فرائیڈے ٹائمز کے معروف کالم ’سچ گپ‘ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عمران خان کی حکومت اور وزیر داخلہ شیخ رشید فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالنے پر تیار ہو چکے تھے۔ تاہم ملک کی طاقتور ترین شخصیت نے یورپی یونین کو یہ ذاتی ضمانت دے رکھی تھی کہ اس قسم کی کوئی چیز قبول نہیں کی جائیگی۔

اس کے علاوہ یورپی یونین نے خبردار کر رکھا ہے کہ اگر حکومت پاکستان نے فرانسیسی سفیر کو نکالا تو پاکستان کو ملنے والی بہت سی حاصلات ختم کر لی جائیں گی، جن میں سب سے اہم جی ایس پی پلس کا درجہ ہے، جس کے باعث ملک کی ٹیکسٹائل برآمدات کو ترجیحی درجہ دیا جاتا ہے۔

کالم میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان کا گروہ کئی دھڑوں میں تقسیم ہے، کچھ کالعدم جماعت کو تمام رعایتیں دینا چاہتے تھے اور کچھ دنیا کے طریقوں کے تحت چلتے ہوئے عالمی سطح پر تنہائی سے گھبرا رہے تھے۔ اس سب کے ساتھ طاقتور حلقوں کی ہدایات کی طرف دیکھا جا رہا تھا لیکن وہ پہلے کی طرح مدد کو تیار نہیں تھے۔

یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ایک ایسا گھر ہے جس میں ایک ہاتھ نہیں جانتا کہ دوسرا کیا کر رہا ہے۔ ایک ہائی پروفائل وزیر نے اعتراف کیا کہ وہ ہر بدلتے وقت خان کے رویے کا اندازہ نہیں لگا سکتے، وہ بے ترتیب ہو چکے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts