لاہور (جدوجہد مانیٹرنگ) ماحولیاتی آلودگی سے متعلق اقوام متحدہ کے سربراہی اجلاس کے مقام پر احتجاج کا انعقاد کیا گیا ہے۔ پیر کو گلاسگو میں ہونے والے اس احتجاج میں مظاہرین نے ماحولیاتی بحران کو ہوا دینے میں امریکی فوج کے کردار پر روشنی ڈالی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ جنگ ماحولیاتی بحران کو ہوا دینے میں مدد کرتی ہے کیونکہ 140 سے زائد ممالک سے زیادہ امریکی فوج کاربن کے اخراج کا موجب بنتی ہے۔
’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق مظاہرین کا کہنا تھا کہ 2001ء سے 2017ء کے دوران جنگوں کے منصوبوں میں تقریباً 1.2 ارب میٹرک ٹن کاربن کا اخراج کیا گیا، جس کا تقریباً ایک تہائی حصہ امریکی جنگوں میں اخراج ہوا۔ تاہم فوجی کاربن کے اخراج کو امریکہ کی لابنگ کے بعد 1997ء میں بین الاقوامی ماحولیاتی معاہدوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔