خبریں/تبصرے

6 روز سے لاپتہ طالبعلم رحمت اللہ پتافی کو بازیاب کیا جائے: ایچ آر سی پی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا کراچی میں قانون کے طالبعلم رحمت اللہ پتافی کو لاپتہ ہوئے 6 روز سے زائد ہو چکے ہیں۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان سمیت انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے رحمت اللہ پتافی کو فی الفور بازیاب کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

رحمت اللہ پتافی انسانی حقوق کے ایک سرگرم کارکن کے طور پر مشہور ہیں اور وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل عام سمیت مخالف آوازوں کو لاپتہ کئے جانے کے خلاف سوشل میڈیا کے ذریعے آواز اٹھاتے رہتے تھے۔

رواں ماہ 23 اور 24 مارچ کی درمیانی شب رحمت اللہ پتافی کو مسلح افراد کی جانب سے اغوا کیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر رحمت اللہ پتافی کی رہائی کی مہم چلانے والے ان کے ساتھیوں کا الزام ہے کہ انہیں اغوا کر کے لے جانے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاران تھے۔ تاہم ابھی تک انہیں کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا نہ ہی کسی پولیس اسٹیشن میں انہیں زیر حراست رکھا گیا ہے۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی جانب سے رحمت اللہ پتافی کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کئے گئے بیان میں ایچ آر سی پی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ”شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا کراچی کے طالبعلم رحمت اللہ پتافی کو قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جانب سے 24 جنوری کو اغوا کیا گیا تھا۔ ابھی تک ان کے ٹھکانے کی معلومات بھی نہیں ہے۔ تشویشناک رپورٹس ہیں کہ انہیں سوشل میڈیا پر ماورائے عدالت قتل عام کے خلاف آواز اٹھانے کی وجہ سے حراست میں رکھا گیا ہے۔ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔“

Roznama Jeddojehad
+ posts