راولاکوٹ (جدوجہد رپورٹ) شہید کشمیر مقبول بٹ شہید کے 38 ویں یوم شہادت کے موقع پر جموں کشمیر میں کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاجی پروگرامات کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے 4 دھڑوں، جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے 3 دھڑوں اور نیشنل عوامی پارٹی کے 2 دھڑوں سمیت دیگر ترقی پسند اور قوم پرست جماعتوں کے کارکنان نے کئی مقامات پر مشترکہ اور کئی مقامات پر الگ الگ احتجاجی ریلیاں اور جلسے جلوس منعقد کئے۔
قبل ازیں مختلف تنظیموں کی طرف سے 10 فروری کی رات کو مشعل بردار ریلیاں بھی منعقد کی گئیں۔ یوم شہادت کے موقع پر مختلف تنظیموں کی جانب سے پوسٹر اور بینر شہروں میں آویزاں کئے گئے تھے۔ جموں کشمیرکی آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ ساتھ مہنگائی، بیروزگاری، دہشت گردی اور آئی ایم ایف کی سامراجی پالیسیوں کے خاتمہ کے مطالبات بھی کئے گئے۔